سرکلر ریلوے کے حوالے سے خاطر خواہ کام ہوتا نظر نہیں آتا،وسیم اختر

May 23, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی سرکلر ریلوے کے آپریشنل ہونے کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس حوالے سے خاطر خواہ کام ہوتا نظر نہیں آتا بدقسمتی سے اس شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ نظر نہیں آتیں موجودہ معاشی صورتحال کے باعث تاجر حضرات سخت پریشانی کا شکار ہیں لہٰذا اس مسئلے کو ٹھوس بنیادوں پر فوری حل کرنے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یونین کلب میں گوادر بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ افطار ڈنر میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر عامر خان، چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی،ڈاکٹر پیرزادہ قاسم،محفوظ یار خان سمیت سیاسی و سماجی رہنما، تاجروں، صنعتکاروں مختلف شخصیات اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی، میئر نے کہا کہ دنیا بھر میں سی پورٹ سٹیز کو خصوصی اور منفرد حیثیت حاصل ہوتی ہے اور ان کے لئے الگ بجٹ مختص کیا جاتا ہے مگر پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا جوکہ قابل افسوس ہے، اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئر مین اقبال احمد خان بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں حکومت کی غیرواضح پالیسی کے باعث رئیل اسٹیٹ کے سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا ہے، تقریب سے وائس چیئرمین محمود احمد خان نے بھی خطاب کیا۔