جڑواں شہروں میں لاکھوں ڈاکے اور چوریاں، دو گاڑیاں، 9 موٹرسائیکل غائب

May 23, 2019

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں لاکھوں روپے، زیورات اور دیگر سامان کے علاوہ 2 گاڑیاں اور 9موٹرسائیکل اڑالیے گئے۔چورتین گھروں کے تالے توڑ کر صفایا کر گئے۔دو شہری موبائل سے محروم کر دیئے گئے جبکہ جیب تراش دو وارداتوں میں ہاتھ دکھا گئے۔ تھانہ ترنول کے علاقے جی پندرہ میں سلیم اللہ وغیرہ آٹھ افراد نے فوزیہ نورین اوراسکے شوہر کو اغواء کیا ،گاڑی سے انتیس لاکھ روپے اور آٹھ چیک ،اسٹام پیپر اورموبائل چھین کر لےگئے۔ ویمن پولیس نے مریم سعید کی رپورٹ پر دو ملازمین یاسمین اور صائمہ کے خلاف چاندی اور سونے کے زیورات ،دوسو چالیس ڈالر اور ساڑھے بارہ لاکھ روپےچوری کا مقدمہ درج کرکےگرفتار کرلیا ۔تھانہ صادق آباد کے علاقے میں پلاٹ ٹرانسفر کروانے کے نام پر شمیم حسن نے راجہ مہتاب سے گیارہ لاکھ روپے ہتھیالیے ۔تھانہ کینٹ کے علاقے میں نعیم کی کوریئر گاڑی سے موبائل 90، میڈیسن کاکارٹن مالیتی 2337972 روپے چوری کرلیے گئے۔تھانہ ریس کورس کے علاقے میں تنویر سے موٹرسائیکل سواروں نے ایک لاکھ تیس ہزار روپے اسلحہ کی نوک پر چھین لیے ۔تھانہ ریس کورس کے علاقے میں تین مسلح ڈاکوئوں نے عامر کے گھر داخل ہوکر تین خواتین کو یرغمال بنا کر طلائی زیورات، پچاس ہزار روپے اور بانڈز چھین لیے ۔گوجر خان میں افطاری سے قبل گھر میں گھسنے والی خاتون اوراسکے ساتھیوں نے خاتون خانہ اسکے خاوند اور بچوں کو تشددکانشانہ بناکر کپڑے پھاڑ دئیے اور گھر سے دو تولے طلائی زیورات اور ڈیڑھ لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔