عدالتی حکم کے باوجودسرکاری عمارتوں اور جگہوں پر بل بورڈزکی تنصیب

May 23, 2019

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے برعکس سرکاری عمارتوں اور عوامی سرکاری جگہوں پر بل بورڈزکی تنصیب برقرار رکھ کرسرکاری ادارے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہےہیں۔عدالت عظمی کے فیصلے کی بنیاد عوام کےجان و مال کاتحفظ تھا لیکن کمشنر آفس راولپنڈی سمیت شہرو کینٹ کے کئی پبلک مقامات پر نصب بورڈ اترے ہی نہیں۔زیادہ خلاف ورزیاں کینٹ کے علاقوں میں پائی جارہی ہیں۔ کینٹ کےعلاقوں میں نئے بورڈ بھی نصب ہورہےہیں۔عدالت عظمی کے احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے اٹارنی جنرل آفس نے سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانے تھےلیکن آج بھی سڑکیں،نالہ لئی کے کنارے،سڑکوں اور دیگر سرکاری جگہوں پر نصب بورڈ اثرورسوخ کی علامت بن چکےہیں۔سپریم کورٹ کے حکم میں نو مختلف مقامات کی بھی نشاندہی کی گئی تھی جن پر بورڈز کی تنصیب روکی گئی تھی۔ان میں اوورہیڈ برج اور انڈر پاس،روڈز،سڑکوں کے درمیان گرین بیلٹ،نالے اور ان کے کنارے،رائونڈ ابائوٹ سمیت دیگر جگہیں شامل تھیں لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کرایا گیا۔