’’سیب کا جوس‘‘ ڈی ہائیڈریشن کے ساتھ صحت کیلئے مفید

May 23, 2019

یہ کہاوت سب ہی جانتے ہیںکہ روز ایک سیب کھائو اور ڈاکٹر سے دور رہو، لیکن سب اس پر عمل نہیںکرتے ۔ سیب ایسا پھل ہے، جو سارا سال دستیاب رہتاہے اور مختلف رنگوںاور ذائقوںمیںاپنے قدرتی فوائد سے ہمیں مالا مال کرتاہے۔ سب سے زیادہ یہ ہمیںڈی ہائیڈریشن میںفائدہ دیتاہے۔

ایک تحقیق کے مطابق ڈی ہائیڈریشن کا شکار بچوں کو مہنگے مشروبات کے بجائے سیب کا جوس پلانے سے زیادہ طبی فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ٹورنٹو میں کی جانے والی ایک تحقیق میں 6ماہ سے5سال تک کے650ایسے بچوں کو شامل کیا گیا، جنہیں ہیضہ اور قے کی شکایت پر ایمرجنسی روم میں لایا گیا۔ ہائیڈریشن کے لئے ان بچوں کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ایک کو سیب کا جوس جبکہ دوسرے گروپ کو مہنگے مشروبات یا ادویات پلائی گئیں۔

ہسپتال سے فارغ ہونے کے ایک ہفتہ بعد ادویاتی مشروبات استعمال کرنے والے 9فیصد جبکہ سیب کا جوس پینے والے صرف ڈھائی فیصد بچوں کو دوبارہ ڈاکٹرز سے رجوع کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ اس کے علاوہ ہیضہ اور قے کی مقدار بھی دونوں طرح کے مشروبات استعمال کرنے والے بچوں میں برابر رہی۔ اس سلسلہ میں محققین کا کہنا ہے کہ جدید تحقیق ڈی ہائیڈریشن کے لئے پہلے سے موجود روایتی علاج سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ ڈی ہائیڈریشن میں دو سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے سیب کا جوس بہت زیادہ مفید ہے۔

اس سے قبل یہ تاثر عام تھا کہ بہت زیادہ میٹھے مشروب کا استعمال ہیضہ کو بڑھاوا دیتا ہے، لیکن اس تحقیق نے اس تاثر کو بھی زائل کر دیا ہے۔ تاہم محققین ڈی ہائیڈریشن کا مسئلہ پیچیدہ ہونے کی صورت میں گھر پر سیب کا جوس استعمال کرنے کے بجائے فوری طور پر ڈاکٹرز سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ روزانہ سیب کھانے کے دیگر فوائد بھی ہیں۔

ہڈیوں کی مضبوطی

ہڈیاں انسانی جسم کا سب سے ضروری حصہ ہیں۔ عموماًبڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ ہڈیاں کمزور ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔اس کے علاوہ کم عمر بچوں یا نوجوانوں کو بھی ہڈیاں کمزور ہونے کی شکایت ہوتی ہے ۔ لیکن اب ہڈیوں کی کمزوری کا شکار لوگ پریشان ہونا چھوڑ دیں۔ ہر روز ایک سیب کھانے سے آپ ہڈیوں کی کمزوری سے بچ سکتے ہیں۔سیب دانتوں کو مضبوط کرتا ہے اس کے اجزاء دانتوں اور مسوڑھوں میں جذب ہو کر انہیں خاصا مضبوط کرتے ہیں۔

الزائمر کی روک تھام

الزائمر جو کہ ایک دماغی بیماری ہے، روازنہ کی خوراک میں سیب کا استعمال اس کی روک تھام میں بھی مدد دیتا ہے۔سیب دل کو شگفتہ اور دماغ کو تروتازہ کرتا ہے، اس وجہ سے یہ پریشانی وغیرہ کی صورت میں انسانی جسم میں قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔

دمہ کے مرض میں مفید

دمہ کے مریضوں کو چاہئے کہ وہ پھلوں میں زیادہ سے زیادہ سیب کو ترجیح دیں۔ سیب دمہ کے مریضوں کے لئے کافی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

جگر کے کینسر کی روک تھام

سیب میں موجود متعدد خصوصیات جگر کے کینسر کی روک تھام میں حیرت انگیز طور پر مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔

کولیسٹرول کم کرنا

جسم میں کولیسٹرول کی زیادتی کے شکار افراد سیب کا استعمال شروع کرکے اس آفت سے بآسانی نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

وزن میں کمی

آج کل ہر انسان اپنے بڑھتے وزن کو دیکھ کرپریشان رہتا ہے۔ ایسے افراد یہ جان کر حیران ہوں گے کہ روزانہ ایک سیب کھا نے یا سیب کا جوس پینے سے وزن میں حیرت انگیز طور پر کمی آسکتی ہے۔

دل کیلئے بہترین

سیب دل کو طاقت دیتا ہے۔ دل کی گھبراہٹ کی صورت میں تازہ سیب یا اس کا مربہ کھانا انتہائی مفید ہوتا ہے۔ اس میں فولاد، وٹامن اے، کیلشیم اور فاسفورس پائے جاتے ہیں، جو انسانی صحت کےلئے ضروری ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن بی اور سی بھی ہوتے ہیں۔

اینٹی ایجنگ خصوصیت

ہرے سیب کے صحت پر بہت سے فائدے ہونے کے ساتھ ساتھ یہ خوبصورتی کے لیے بھی اہم پھل مانا جاتا ہے، جِلد کو پرکشش رکھنے کے ساتھ یہ پھل آنکھوں کے نیچے پڑنے والے ہلکے بھی ختم کرنے میں کارآمد مانا جاتا ہے۔

میٹابولزم میں اضافہ

ہرے سیب میں فائبر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اس سیب کو چھلکے سمیت کھایا جائے کیوں کہ چھلکے سمیت سیب کھانا صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔