وفاق نے کراچی کے تین بڑے اسپتالوں کا کنٹرول سنبھال لیا

May 23, 2019

وفاقی حکومت نے کراچی کے تینوں بڑے اسپتالوں بشمول جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، قومی ادارہ برائے امراض قلب ( این آئی سی وی ڈی ڈی) اور قومی ادارہ برائے امراض اطفال ( این آئی سی ایچ) کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

وفاقی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق عدالتی اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے بعد وفاقی حکومت نے سندھ کے 3 بڑے اسپتالوں کا انتظامی اور مالی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

وفاقی وزارت صحت کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی حکومت کو 90 روز کے اندر کراچی کے تینوں اسپتالوں کا انتظام سنبھالنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ 90 روز اسی ہفتے پورے ہوگئے تھے جس کے بعد محکمہ قانون کی جانب سے کہا گیا کہ وفاق کو تینوں اسپتالوں کا کنٹرول سنبھالنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردینا چاہیے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق جناح اسپتال قومی ادارہ برائے امراض قلب اور قومی ادارہ برائے امراض اطفال کے ملازمین اور اثاثوں کا انتظام وفاقی وزارت صحت نے سنبھال لیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے 2 اپریل کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تینوں اسپتالوں کو وفاق کے ماتحت کرنے کی منظوری دی تھی۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت وفاقی وزارت خزانہ آنے والے بجٹ میں تینوں اسپتالوں کے لیے لیے 12 ارب روپے سے زائد رقم مختص کرنے کے حوالے سے پریشان ہے۔

دوسری جانب سندھ کے محکمہ صحت کے حکام اور تینوں اسپتالوں کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹران نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ انہیں اس حوالے سے سے کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا لیکن ان کا کہنا تھا کہ ایک نوٹیفکیشن جناح اسپتال اور دیگر دونوں اسپتالوں کو وفاق کے حوالے کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہے لیکن جب تک انہیں وفاقی حکومت کی جانب سے سرٹیفائیڈ نوٹیفیکیشن نہیں ملے گا وہ اس حوالے سے کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کہ تینوں اسپتالوں کے انتظام چلانے کے لئے بورڈ آف گورننس تشکیل دیا جائے گا۔