کراچی: ڈکیتی میں مزاحمت پر ہلاکت، 14 زیرِ حراست، لاش برآمد

May 24, 2019

عید قریب آنے کے ساتھ کراچی میں چھینا جھپٹی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں دودھ کی دکان پر ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش میں شہری جان سے ہاتھ دھوبیٹھا، ملزم کی فائرنگ سے تین افراد زخمی بھی ہو گئے۔

اورنگی ٹائون ڈبہ موڑ پر واقع دودھ کی دکان پر ڈکیتی کے دوران دکاندار اور گاہک نے ایک ڈکیت کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر موٹر سائیکل پر بیٹھے ڈکیت نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں گاہک 60 سالہ خورشید جاں بحق ہوگیا جبکہ3 دکاندار زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں نائن ایم ایم اور 30 بور پستول استعمال ہوئے ہیں، گزشتہ روز دکانداروں کی نشاندہی پر 2 مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا تھا تاہم پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈکیت نے اسلحے کے زور پر کاؤنٹر سے کیش تھیلی میں بھروایا، ڈکیت کا ایک ساتھی دکان کے اندر جبکہ دیگر دکان کے باہر موجود تھے، مزاحمت اور فائرنگ کا واقعہ واردات کے بعد ڈاکوؤں کے فرار ہوتے وقت پیش آیا۔

کورنگی کے چکرا گوٹھ اور دیگر علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔

جیکسن میں ایک گھر سے 4 روز پرانی لاش ملی ہے، پولیس کے مطابق چارسدہ سے تعلق رکھنے والا عبد اللہ جان گھر میں اکیلا رہتا تھا، جو کافی عرصے سے بیمار تھا۔