’’ڈیمی مور‘‘ اپنی سوانح حیات تحریر کریں گی

May 26, 2019

اکثر سیلیبرٹیز اپنی زندگی میں پیش آنے والے واقعات، حادثات، خوشگوار یادوں اور اپنی زندگی میں آنے والے افراد کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو دستاویزی بنانے کے لیے سوانح حیات تحریر کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ہالی ووڈ سیلیبرٹیز بھی کچھ مختلف نہیں ہیں، اپنی سوانح حیات لکھنے والی ہالی ووڈ کی سپر اسٹار سیلیبرٹیز میں ایک نیا اضافہ بھی ہونے والا ہے۔ جی ہاں، ڈیمی مور نے اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد اپنی سوانح حیات شائع کردیںگی، جس کا ٹائٹل ’انسائیڈ آؤٹ‘ ہے۔

اسکرین پر بولڈ کرداروں کے حوالے سے شہرت رکھنے والی ڈیمی مور کی سوانح حیات کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کتاب میں بھی اپنے فلمی کرداروں کی طرح بولڈ راستے کا انتخاب کریں گی اور خصوصاً اپنے سابق شوہروں ایشٹن کوچر اور بروس وِلس کے علاوہ دیگر ذاتی معاملات پر کھل کر کئی ایسی باتوںسے پردہ اُٹھائیں گی، جو ابھی تک راز ہیں۔

ڈیمی مور کی سوانح حیات ’انسائیڈ آؤٹ‘ کو ہارپر کولنز نامی پبلشنگ ہاؤس شائع کررہا ہے۔ پبلشنگ ہاؤس کی جانب سے ڈیمی مور کی سوانح حیات سے متعلق جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’شہرت کی بلندیوں کو چھونے کے سفر اور اپنی زندگی کے چند اہم ترین مواقع پر ڈیمی مور نشے کی عادی رہیں، انھیں باڈی اِمیج مسائل کا سامنا رہا جبکہ بچپن کے مسائل، شہرت کی بلندیوں کو چھونے کے بعد بھی اس کا پیچھا کرتے رہے۔ ڈیمی مور نے زندگی میں انتہائی پیچیدہ راستے پر چلتے ہوئے ان تمام تر مسائل کے ساتھ اپنے کیریئر کو شہرت کی انتہا پر پہنچایا، اپنے سیلیبرٹی اسٹیٹس پر کبھی آنچ نہ آنے دی اور اپنی فیملی لائف کو بھی وہ عزت اور اہمیت دی، جس کی وہ حقدار تھی‘‘۔

ڈیمی مور کی سوانح حیات جذبات سے بھرپور ہوگی، جس میں انھوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی ہے۔ کتاب میں مور نے اپنی والدہ کے ساتھ اپنے مشکل تعلق، اپنی شادی شدہ زندگی، مامتا اور اسٹارڈم میں توازن قائم کرنے کی جدوجہد پر کُھلے دل سے اپنے غم، تکالیف، کامیابیوں، ناکامیوں اور اعترافات کو بیان کیا ہے۔ ’انسائیڈ آؤٹ‘ ایک عورت (ڈیمی مور) کے عام خاتون سے لے کر کروڑوں پرستاروں کی آئیڈل بننے کے سفر اور اس سفر کے دوران بقاء کی جنگ لڑنے، کامیابی، ہتھیار ڈالنے اور مضبوط قوت ارادی کا مظاہرہ کرنے کی سچی عکاسی کرتی کتاب ہے۔

ذاتی زندگی

ڈیمی مور کا اصل نام ڈیمی جینی گائنز ہے، تاہم عملی زندگی میں وہ ڈیمی مور کے نام سے مشہور ہیں۔ وہ 11نومبر 1962ء کو نیومیکسیکو میں پیدا ہوئیں۔ تین ماہ کی عمر میں ان کے والدین میں علیحدگی ہوگئی تھی۔ ڈیمی کی والدہ نے دوسری شادی ایک اخبار فروش سے کی جو اپنے کام کی وجہ سے بار بار گھر تبدیل کرتے رہتے تھے، چنانچہ ڈیمی کا بچپن خانہ بدوشوں کی طرح گزرا۔16سال کی عمر میں حالات سے تنگ آکر انھوں نے اپنی ہائی اسکول کی تعلیم کو خیرباد کہہ دیا اور شوبز میں کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔

فریڈی مور سے پانچ سال تک دوستی کے رشتے میںرہنے کے بعد ڈیمی مور نے اپنے ’سکستھ سینس‘ کے ساتھی اداکاربروس وِلس سے 1987ء میں شادی کرلی تھی۔ یہ شادی 2000ء تک برقرار رہی اور ان کی تین بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ سب سے بڑی بیٹی رومر اس وقت 30سال کی ہیں، دوسری بیٹی اسکاٹ 27جبکہ تیسری بیٹی 25سال کی ہے۔ علیحدگی کے 20سال بعد بھی یہ سابق میاںبیوی ایک دوسرے سے دوستی کا تعلق قائم رکھے ہوئے ہیں۔

بروس وِلس سے علیحدگی کے پانچ سال بعد 2005ء میں ڈیمی مور نے ایشٹن کوچر سے شادی کرلی تھی۔ یہ ایک ہائی پروفائل شادی تھی، تاہم بدقسمتی سے 2011ء میں حیران کن اور غیرمتوقع طور پر ڈیمی مور نے ایشٹن کوچر سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔ علیحدگی کی وجہ یہ تھی کہ ایشٹن کوچر نے ایک عدد پیار کرنے والی بیوی (ڈیمی مور) کی موجودگی میں کسی اور خاتون سے غیرازدواجی تعلقات قائم کیے ہوئے تھے۔ اس پر ڈیمی مور نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا، ’’مجھے یہ بات انتہائی غم اور بھاری دل کے ساتھ بتانی پڑرہی ہے کہ میں نے ایشٹن کے ساتھ اپنی چھ سالہ شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بطور ایک خاتون، ایک ماں اور ایک بیوی، میں کچھ اقدار اور وعدوں کو انتہائی مقدس سمجھتی ہوں اور یہ وہی جذبہ ہے، جس کے تحت میں نے زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے یہ انتہائی قدم اُٹھایا ہے‘‘۔ ان کی طلاق کا مقدمہ دو سال تک عدالت میں زیرِسماعت رہا اور 2013ء میں ڈیمی اور کوچر کی باقاعدہ طلاق ہوگئی تھی۔

شوبز میں کیریئر

1980ء میں 19سال کی عمر میں ایک جریدے کے لیے بولڈ فوٹو شوٹ کرواکر انھوں نے ہالی ووڈکے بڑے بڑے فلم میکرز کی توجہ حاصل کی۔ اسی سال انھیں فلم میں بھی کام کرنے کا موقع میسرآگیا۔ اس کے اگلے سال وہ سوپ اوپیرا ’جنرل ہاسپٹل‘ میںنمودار ہوئیں۔ انھیں پہلی باکس آفس کامیابی 1986ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’اباؤٹ لاسٹ نائٹ‘ کے ذریعے ملی۔1996ء میں انھوں نے فلم ’اسٹرپ ٹیز‘ میں کام کرنے کے لیے 12.5ملین ڈالر کا معاوضہ حاصل کیا، جو اس وقت کے لحاظ سے ایک ریکارڈ تھا۔ اس طرح، اپنے کیریئر کے عروج پر وہ ہالی ووڈکی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کا اعزاز حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہیں۔ ڈیمی مور کی سوانح حیات ’انسائیڈ آؤٹ‘ رواں سال 24ستمبر کو ریلیز ہوگی۔