’’لنکڈاِن‘‘ کیرئیر اور کاروبار کو پروان چڑھانے والا سوشل میڈیا

May 26, 2019

لنکڈاِن پلیٹ فارم کیریئر اور بزنس پروفیشنلز کے لئے کسٹمرز، کلائنٹس اور پارٹنرز سے رابطے اور تعلقات عامہ استوار کرنے کا بہترین اور بیش قیمت ماخذ ہے۔ اسے کاروبار کرنے والوں، فری لانسرز اور ملازمت کے متلاشیوں کا آئیڈیل پلیٹ فارم ماناجاتا ہے۔

لنکڈاِن کا جائزہ

لنکڈاِن ایک سوشل نیٹ ورک ہے، جسے خاص طور پر بزنس اور کیریئر پروفیشنلز کے درمیان رابطے کے لئے بنایا گیا ہے۔ اس وقت 65ملین سے زائد پروفیشنلز اپنے کاروبار اور کیریئر کو پروان چڑھانے کے لئے لنکڈاِن استعمال کر رہے ہیں۔ دیگر سوشل نیٹ ورکس کے برعکس، جہاں آپ دوستیاں بناتے ہیں، لنکڈاِن پر اسٹر ٹیجک تعلقات قائم کیے جاتے ہیں۔ لنکڈاِن میںتعداد کے بجائے معیاری کنیکشن قائم کرنے پر توجہ دی جاتی ہے۔ اس سائٹ پر آپ کو پاکستان سمیت ہر ملک اور ہر صنعت سے وابستہ لوگ ملیں گے۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگائیں کہ معروف جریدے فارچون کی فہرست میں شامل دنیا کی بڑی اور کامیاب کمپنیوں کے500ایگزیکٹوز لنکڈاِن پر موجود ہیں۔

لنکڈاِن کیسے استعمال کیا جائے ؟

لنکڈاِن کا اپنا پلیٹ فارم اور سسٹم ہے، جو دیگر سوشل نیٹ ورک سائٹس سے قدرے مختلف ہے۔ یہاں آپ کو سنجیدہ اور کاروباری لوگ ملیں گے، جو فیس بک جیسے دوستانہ ماحول میں گپ شپ کرنے کے بجائے سنجیدہ گفتگو اور ہنر سے متاثر ہوں گے۔ یہاں تفریح کیلئے ویڈیو شیئر کرنے یا تصاویر پوسٹ کرنے کو کوئی پسند نہیں کرتا۔ یہاں آپ کا چہرہ نہیں بلکہ ہنر اور تعلیم کام کرتی ہے۔ لہٰذا، لنکڈاِن ممبر بنتے وقت سنجیدگی، معیاری کام اور صلاحیت کو مدنظر رکھیں۔

لنکڈاِن پروفائل

لنکڈاِن پر پروفائل بنانے کیلئے سب سے پہلے آپ کو لاگ آن کرنا ہو گا۔ ایک عام پروفائل کی کوئی فیس نہیںہوتی لیکن اگر آپ پریمیم کیریئر، بزنس پلس، لنکڈاِن لرننگ اور سیلز نیوی گیٹر وغیرہ جیسی سروسز حاصل کرنا چاہتے ہیںتو پھر اس کیلئے آپ کو سبسکرائب (Subscribe)کروانا ہوگا۔ تاہم بنا فیس والی بنیادی سروسز پر بھی کئی افراد اور گھر سے کاروبار کرنے والے لوگوں کے لئے ایسے فیچرز دستیاب ہیں، جن کے ذریعے وہ خود کو ہنر مند اور کاروباری دنیا کے سامنے متعارف کروا سکتے ہیں۔ مثلاً ہنرو تجربے پر مبنی اپنامکمل پروفائل بناسکتے ہیں، محدودپیمانے پر دوسروں تک پروفائل کی رسائی کو یقینی بنا سکتے ہیں، ایک وقت میں100پروفائلز دیکھ سکتے ہیں ا ور تین سرچز کو محفوظ (Save) کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ لنکڈاِن پر آپ کی پروفائل دیکھنے والے خواتین و حضرات کی اطلاع (Notification)بھی ملتی رہے گی، جن سے روابط بڑھا کر آپ تعلقات کو وسعت دے سکتے ہیں۔

پروفیشنل پروفائل (پیشہ ورانہ کوائف) میںنام سے زیادہ آپ کا ہنر اور بات چیت کا انداز بہت معنی رکھتا ہے۔ اگر آپ موجد ہیں اور نت نئی چیز بنانے کے شوقین ہیں تو مکمل پراڈکٹ پروفائل موجود ہونی چاہئے۔ پروفائل مکمل ہو جائے تو سب سے پہلے ان لوگوں سے روابط استوار کریں، جو آپ کے ماضی میں کاروباری شراکت دار رہ چکے ہوں۔ لنکڈاِن کو تجدید ملاقات کا فورم بنائیں۔ ہنرمندوں اور صارفین سے مستقل رابطے میںرہنے کی کوشش کریں۔ ہوسکے تو اس کیلئے دن میں مخصوص اوقات مقرر کریں اور احباب کو بتائیں کہ شام سات بجے یا شب 10بجے ملاقات ہو گی۔ یہی عمل ملازمت پیشہ اور ملازمت کے متلاشی افراد بھی کرسکتے ہیں، جس کیلئے انھیں اپنی فیلڈ کے لوگوں سے رابطہ کرنا ہوگا۔

پروفیشنلز سے رابطے کا اہم ذریعہ

لنکڈاِن آپ کے لئے ہوم بزنس (گھریلو کاروبار) شروع کرنے اور اسے پروان چڑھانے میں ممدو معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم پروفیشنلز سے بزنس اور انڈسٹری کے بارے میں معلومات کا تبادلے کرنے اور ایسے سرمایہ کار ڈھونڈنے میں مدد کرسکتا ہے، جو آپ کے کاروبار کی کامیابی میں کردار ادا کر سکیں۔ یہاں آپ کلائنٹس، کسٹمرز اور ساتھیوں سے خود کو متعارف کراتے ہوئے ان سے کامیاب کاروباری مشورے لے سکتے ہیں۔ یہاں آپ اپنی صلاحیتوں کے مطابق مستقل یاآن لائن ملازمت کے مواقع بھی پاسکتے ہیں۔ آپ کو HRپروفیشنلز بھی مل سکتے ہیں، جو اپنے ادارے کی خالی اسامیوں کیلئے باصلاحیت افراد کی تلاش میںہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی ادارے میںاعلیٰعہدے پر کام کرنے والے شخص سے رابطہ قائم ہونا آپ کو ملازمت کے بہترین مواقع دلاسکتا ہے۔ لنکڈاِن پرآپ اپنی پسند کے کئی گروپس کے ساتھ بھی رابطے میں آ سکتے ہیں ۔B2Bیعنی کاربار سے کاروبار کے درمیان رابطے کی خاص سہولت بھی اس پلیٹ فارم پر مہیا کی گئی ہے۔

تعلقات اور وقت کا خیال رکھیں

لنکڈاِن معیار کو تعداد پر ترجیح دیتا ہے۔ اس صورت میں تذویراتی تعلقات کو پروان چڑھانے کے لئے معیاری کام اور خدمت کی کلی ضمانت آپ کو ہنرمندوں کی دنیا میں باوقار بنا سکتی ہے۔ سب سے پہلے اپنی صلاحیتوںکا جائزہ لیں کہ آپ کیا جانتے ہیں؟ کتنا جانتے ہیں؟مزید کون سا ہنردرکار ہے؟ لنکڈاِن کوالٹی ٹائم کا تقاضا کرتا ہے، یہاں لوگ آپ سے اس وقت ملیں گے جب آپ ان سے ملنا چاہیں گے۔ بروقت رابطہ، بروقت کام اور خلوص دل سے ایک دوسرے کی بات سننا، لنکڈاِن کا مزاج ہے۔ یہ اسٹریٹجک تعلقات کو پروان چڑھاتے ہوئے کیریئر میںکامیابی سے ہمکنار کرنے میںاہم کردار اداکرتا ہے۔