اے این پی کا ملکی سلامتی کیلئے نیشنل ایکشن پلان ری وزٹ کرنیکا مطالبہ

May 25, 2019

پشاور ( سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے ملکی سلامتی کےلئے نیشنل ایکشن پلان کو ری وزٹ کرنیکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے قیام امن کیلئے تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا امتیار کارروائیو ں کی اشد ضرورت ہے، اے این پی کے قائد اسفندیارولی خان نے کوئٹہ کی مسجد میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ نمازیوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے ، دنیا کا کوئی مذہب دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا، ماہ صیام میں عبادت میں مشغول نمازیوں پر حملہ کرنے والوں کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں،۔ پاکستان کی سلامتی اور امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کی اشد ضرورت ہے اور مزید مفاہمت یا تعطل دہشت گردوں کی قوت اور صلاحیت میں اضافے کی وجہ بن سکتی ہے، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اگر پنجاب میں مفاہمت کی بجائے آپریشن کرائے جاتے تو ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ بھی یقینی ہوتا ، حکومت اور بعض قوتوں نے وقتی فائدے کیلئے پنجاب میں مصلحت سے کام لیتے ہوئے دہشتگردوں پر ہاتھ ڈالنے سے گریز کیا ، اگر نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل کیا جائے تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے کرسی کی بجائے سے پاکستان کی سلامتی اور مستقبل کی فکر کی جائے اور نیشنل ایکشن پلان کو ری وزٹ کیا جائے تاکہ ہر قیمت پر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔