پشاورمیں ٹھنڈی ہوائیں و گرج چمک کے ساتھ بارش ، موسم خوشگوار ہو گیا

May 25, 2019

پشاور(صباح نیوز)پشاورمیں ٹھنڈی ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ۔ جمعہ کی صبح سے ہی صوبائی دارالحکومت پشاوراور گردونواح کے علاقوں میں سرد ہوائوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جبکہ آسمان پر گہرے سیاہ بادل چھا گئے تھے جبکہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم دن 1بجے کے بعد تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں اور گرج چمک کے ساتھ خوب بارش برسی جس سے شہریوں کے چہروں پر خوشی چھا گئی اور موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا جبکہ خوشگوار اور سرد موسم میں پشاورکے بازاروں کی رونقوں میں اضافہ ہو گیا اور خریداروں کی بڑی تعداد نے رمضان المبارک سمیت عید کی خریداری کیلئے اندرون شہر سمیت پشاور صدر کے بازاروں کا رخ کیا ۔بارش کو شہریوں نے باران رحمت قرار دیا ۔واضح رہے کہ رمضان المبارک کے روزے اس سال خوشگوار موسم میں گزر رہے ہیں اور پشاورکے زیادہ تر شہریوں نے پرفضاء مقامات پر جانے کے بجائے اپنے شہر میں بھی رمضان المبارک کا مہینہ گزارا ہے ۔