شاہی ٹکسال 200سال قدیم سونے کاسکہ ایک لاکھ پونڈ میں فروخت کرے گا

May 26, 2019

لندن(پی اے ) شاہی ٹکسال 200سال قدیم سونے کا 20شلنگ کاسکہ ایک لاکھ پونڈ میں فروخت کررہا ہے سکے جمع کرنے والوں کاخیال ہے کہ اس سے ان کی قسمت وابستہ ہے، شاہی ٹکسال کا کہناہے کہ 1819میں جارج سوم کے دور کے 3ہزار574سکے بچے تھے جن میں سے اب صرف 10باقی بچے ہیں اب یہ سکہ بذریعہ قرعہ اندازی 12جولائی کو مقر کردہ قیمت پرفروخت کیاجائے گا۔اس نادر اور اعلیٰ معیار کے سکے کی خریداری کیلئے خریدار کو 28جون تک آن لائن درخواست دینا ہوگی، کامیاب خریدار کے انتخاب سے قبل متوقع خریدار کو اپنی درخواست منظور کراناہوگی،شاہی ٹکسال کاکہناہے کہ 20شلنگ کا یہ سکہ ملکہ وکٹوریہ کی پیدائش کے وقت تیار کیا گیاتھا اور تاریخی سکوں کے ماہرین نے اسے دیکھ کر اس کے اصلی ہونے کی تصدیق کی ہےشاہی ٹکسال کی ڈائریکٹر کنزیومر بزنس نکولا ہوول کا کہناہے کہ یہ سکہ ان لوگوں کیلئے ایک نادر موقع ہے جو تاریخ کا ایک حصہ اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں اور دنیا کے دیگر ممالک میں ایسے لوگ موجود ہیں جو اس طرح کے خزانے کی قدر کرتے ہیں۔