ورلڈ کپ ، چار میچوں کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو فیملی ساتھ رکھنے کی اجازت

May 26, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے ابتدائی چار میچوں کے بعد کھلاڑیوں کی بیگمات اور بچوں کوان کے ساتھ رہنے کی اجازت دے دی ہے۔قبل ازیں بورڈ نے کھلاڑیوں کو بیوی بچے ساتھ رکھنے سے منع کردیا تھا جس پر کھلاڑی ناراض تھے۔پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے میچ کے بعد 13 جون سے کھلاڑی اپنے ساتھ بیوی بچوں کو رکھ سکتے ہیں۔حارث سہیل اور آصف علی کو اسپیشل کیس کے طور پر پہلے ہی اہل خانہ کو ساتھ رکھنےکی اجازت دی گئی ہے۔حارث سہیل کی بیوی اور بیٹی پہلے ہی ان کے ساتھ رہ رہی تھیں جبکہ آصف علی کی بیٹی کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے اس لئے ان کی اہلیہ کو اجازت دے دی گئی ہے۔جن کھلاڑیوں کی فیملی ان کے ساتھ رہیں گی ان میں کپتان سرفراز احمد،محمد حفیظ،محمد عامر،اظہر محمود نمایاں ہیں۔جنگ میں خبر کی اشاعت کے بعد پی سی بی نے کھلاڑیوں کو اجازت دی ہے۔قبل ازیں پی سی بی کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ٹورنامنٹ پر فوکس کریں ۔انگلینڈ کی سیریز کے بعد کسی کھلاڑی کی فیملی ان کے ساتھ رہ نہیں سکے گی۔کھلاڑیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ الگ ہوٹل میں کمرے لیں۔کھلاڑی پی سی بی کے فیصلے پر اپ سیٹ تھے۔لیکن پی سی بی انتظامیہ نے کھلاڑیوں کی درخواست مان لی۔امکان ہے کہ انگلینڈ میں مقیم کھلاڑیوں کی فیملی عید کے لئے ان کو جوائن کریں گی۔تاہم اس بارے میں ٹیم انتظامیہ کی اجازت درکار ہوگی۔