میری فٹنس کا راز پانچوں وقت کی نماز ہے،شعیب ملک

May 26, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میری فٹنس کا راز پانچ وقت کی نماز ہے۔ جب آپ زیادہ کھیل لیتے ہیں تو آپ کو اپنے جسم کا اندازہ ہو جاتا ہے کہ آپ کو کس طرح کی فٹنس درکار ہے تاکہ آپ کی کارکردگی میں مستقل مزاجی رہے۔بر طانوی نشریاتی ادارے کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ میری اپنی سوچ یہ ہے کہ سنیئر کرکٹر ہونے کے ناطے آپ جب تک کھیلیں ٹیم پر بوجھ نہ بنیں۔شعیب ملک کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کے کسی بھی نوجوان کرکٹر سے زیادہ فٹ رہنا چاہتے ہیں اور اسی میں ان کی کامیابی ہے۔مجھے سب سے زیادہ اطمینان اس بات پر ہوتا ہے کہ کپتان مجھے فیلڈنگ میں ہاٹ اسپاٹ یعنی اہم جگہ پر کھڑا کرتا رہے۔ کوشش کرتا ہوں کہ ٹیم کے ان نوجوان کرکٹرز سے مقابلہ کروں جو زیادہ فٹ ہیں۔‘ان کے مطابق آپ کو خود ہی پتہ چل جاتا ہے کہ آپ ٹیم کے لیے کتنے کارآمد ہیں۔ اگر آپ بچاؤ کی کیفیت میں آ جائیں تو پھر کھیلنے کا مقصد باقی نہیں رہتا ہے۔شعیب ملک کے 20 سالہ کریئر میں یہ پانچواں ورلڈ کپ ہے لیکن وہ اس سے قبل صرف 2007 کا ورلڈ کپ ہی کھیل پائے ہیں۔ 2003 کے ورلڈ کپ کی سلیکشن کمیٹی نے ان کا انتخاب کر لیا تھا لیکن آخری لمحات میں ان کی جگہ کسی دوسرے کرکٹر کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔