یوم ِشہادت حضرت علی ؓ پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، مہدی شاہ

May 26, 2019

ڈگری(نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر سید مہدی علی شاہ نے کہا ہے کہ 21رمضان المبارک یوم ِشہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی کے کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم ِشہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتےہوئے کیا۔ انوں نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کا احترام ہرمسلمان پر لازمی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنروں کوہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں یوم شہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں مینٹنگ کرکے حفاظتی انتظات اور صفائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں پر بھی ایمبولینس، ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کویقینی بنایاجائے۔ ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں بھی موئثر اقدامات کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے چیف میونسپل آفیسر کو ہدایت کی کہ جلوسوں کی گذرگاہوں پر صفائی اورپانی کا چھڑکاؤ کرایا جائے۔