ارکان پارلیمنٹ سستی شہرت کی خاطر بیانات نہ دیں، نریندر مودی

May 26, 2019

کراچی (جنگ نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ 2019کے انتخاب نے دیواروں کو توڑنے میں مدد کی اوردلوں کو جوڑ دیا،ارکان پارلیمنٹ سستی شہرت کی خاطر میڈیا بیانات نہ دیں،مودی75منٹ کے خطاب میں آئین ہند کے سامنے جھکے اور وی آئی پی کلچر ختم کرنےپر زور دیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے قوم کے روشن مستقبل کیلئے اتحاد کی سیاست شروع کی تھی اور اب اسے عملی بنانے کی ضرورت ہے، این ڈی اے اب صرف اتحاد ہی نہیں بلکہ پراعتماد تحریک بن گیا ہے، انہوں نے انتخابی تشہیر مہم کے دوران پیدا ہوئے سیاسی اختلافات کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عوامی نمائندوں کو عوام کے ساتھ تفریق نہیں کرنی چاہئے۔ عوامی نمائندوں کی ایک ذمہ داری ہوتی ہے اور الیکشن کے دوران جو ان کے ساتھ رہے اور جو مستقبل میں ان کے ساتھ رہیں گے دونوں کو مساوی طورپر ساتھ لیکر چلنا چاہئے۔ا نہوں نے کہا کہ یہ انتخاب سماجی مساوات کے لئے انقلاب بن چکا ہے،انتخابات تقسیم کرتے ہیں خلیج پیدا کرتے ہیں لیکن2019کے انتخاب نے دیواریں توڑ دیں،دلوں کو جوڑ دیا معاشرے کو یکجا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ماٹو ’’سب کا ساتھ،سب کا وکاس،اور سب کا وشواش‘‘ ہے۔انہوں نے کہاکہ’یہ انتخابی تشہیری مہم ان کے لئے تیرتھ یاترا کے برابر تھی۔ 75منٹ کے خطاب میں اقلیتوں کا اعتماد جیتنے اور ان کی زندگیوں میںخوف و خطرات کم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کو نصیحت کی کہ صرف سستی شہرت کی خاطرمیڈیا بیانات سے پرہیز کریں اور وی آئی پی کلچر کو ختم کریں۔ دوسری طرف بھارتی صدر نے نریند مودی کو حکومت کی تشکیل کی دعوت دی ہے۔اس سے قبل لوک سبھا الیکشن میں کامیابی کے بعد قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے نومنتخب اراکین پارلیمنٹ نے رسمی طورپرنریندرمودی کو اپنا لیڈرمنتخب کرلیا۔جس پر مودی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں اجلاس کے موقع پرپنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل نے تجویز پیش کی، جس کی نتیش کماراور رام ولاس پاسوان سمیت این ڈی اے کے تمام اراکین پارلیمنٹ نے حمایت کی۔