بیوٹیفکیشن پلان ،وال چاکنگ فوری ختم کرنے کے احکامات

May 26, 2019

ملتان( سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عمران سکندر نے بیوٹیفکیشن پلان کے تحت میونسپل کارپوریشن کو تمام فلائی اوورز اور شاہراہوں پر وال چاکنگ فوری ختم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے، اس سلسلے میں سی او میونسپل کارپوریشن اقبال فرید کی سربراہی میں وال چاکنگ کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا،پہلے مرحلے میں دولت گیٹ اور ملحق علاقوں میں وال چاکنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن ٹیم نے تمام دیواروں اور عمارتوں سے پوسٹرز اور بینرز اتار کر قبضے میں لے لئے، سی او کارپوریشن اقبال فرید کے مطابق شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے وال چاکنگ کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے، شہر میں سٹریٹ لائٹس لگانا،تاریخی عمارتوں کوبرقی قمقموں سے سجانا، تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن اور وال چاکنگ کے خلاف کارروائی دراصل بیوٹیفکیشن پلان کا حصہ ہیں، تمام آپریشنز کو کمشنر ملتان از خود مانیٹر کر رہے ہیں، سی او نے مزید کہا کہ وال چاکنگ کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے جبکہ وال چاکنگ کے خاتمے کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔