پشاور شہرکی کل وقتی بنیادوں پر صفائی ناگزیر ہوچکی ہے،تیمور سلیم جھگڑا

May 26, 2019

پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ماضی میں پشاور جو کہ صوبے کا مرکزی شہر ہے کی ترقی اور یہاں کے لوگوں کے مسائل کے دیرپا حل کے لئے جامع منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے دارالحکومت کی وہ ترقی ممکن نہ ہوسکی جس کا یہ شہر متقاضی تھا۔موجودہ صوبائی حکومت پشاور شہر کی ترقی اور یہاں بسنے والے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے مربوط پالیسی کے تحت منظم منصوبہ بندی کررہی ہے۔تمام شراکت داروں کی باہمی مشاورت سے پشاورشہر کی ترقی کے لئے طویل المدتی اور قابل عمل منصوبے شروع کرنے کے علاوہ فوری نوعیت کے اقدامات بھی اٹھا رہی ہے تاکہ عوام فوری طور پر نمایاں تبدیلی محسوس کرسکیں۔ان خیالات کاظہارانہوں نے پشاور شہر کی صفائی کے نظام سے متعلق واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور(WSSP ) کے چیف ایگزیکٹو سید ظفر علی شاہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ڈبلیو ایس ایس پی نے وزیر خزانہ کو پشاور میں ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والے خدمات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ WSSP صاف اور صحتمند پشاور کے عزم کے ساتھ شہر میںپینے کے صاف پانی کی فراہمی،سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور نکاسی آب کی خدمات فراہم کرنے کے لئے مصروف عمل ہے،انہوں نے کہا کہ ادارے کا تمام عملہ صوبائی حکومت کے ویژن کے مطابق پشاور شہر کے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہاہے۔انہوں نے وزیر خزانہ کو ادارے کی کارکردگی کے علاوہ مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے سی ای او ظفر علی شاہ کی جانب سے دی جانے والے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پشاور شہر آبادی اور ٹریفک کے لحاظ سے ایک گنجان آباد شہر بن گیا ہے جس کی کل وقتی بنیادوں پر صفائی ناگزیر ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ WSSP پشاور شہر میںدن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی صفائی کے لئے موئثر نظام وضع کرے جس کے لئے حکومت ہرممکن وسائل فراہم کرے گی۔