نئی فلمی جوڑیاں!!

May 29, 2019

پاکستان اور بالی وڈ میں فلمی جوڑیاں ہمیشہ ہی سے فلم بینوں کی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔ برِصغیر پاک و ہند میں ایک دور ایسا بھی گزرا، جب ان جوڑیوں کی وجہ سے فلمیں باکس آفس پر راج کرتی تھیں۔ صبیحہ، سنتوش کی جوڑی ابتدائی فلمی دور میں بے حد پسند کی گئی۔ ان دونوں فن کاروں کی شاہ کار فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں۔ سات لاکھ، موسیقار، وعدہ، عشق لیلیٰ، دیور بھابھی، دو آنسو اور تصویر میں اس جوڑی کو بہت سراہا گیا۔ وحید مراد اور زیبا کی جوڑی ارمان، ہیرا اور پتھر، کنیز، عیدمبارک اور رشتہ ہے پیار کا میں مقبول ہوئی۔ وحید مراد کی جوڑی شمیم آرا کے ساتھ بھی مقبول ہوئی۔ ان دونوں منجھے ہوئے فن کاروں کو دل میرا دھڑکن تیری، دو راہا، زندگی ایک سفر، خواب اور زندگی اور ہل اسٹیشن وغیرہ میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ پاکستان فلم انڈسٹری کی سب سے مقبول جوڑی محمد علی اور زیبا کی ثابت ہوئی۔ فلم آگ، چراغ جلتا رہا، افسانہ زندگی کا، سلام محبت، نوکر، بن بادل برسات اور جاگ اُٹھا انسان میں ان خوب صورت اداکاروں کی جوڑی کو سراہا گیا۔

شبنم اور ندیم نے بھی درجنوں فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ ان کی جوڑی آئینہ ، نازنین، احساس، دل لگی، من کی جیت، ہم دونوں، قربانی، دامن کی آگ، اناڑی اور دہلیز میں فلم بینوں کی توجہ حاصل کی۔ بعد میں آنے والے فن کاروں میں صاحبہ، ریمبو، نیلی، جاوید شیخ اور ریما، شان کی جوڑیاں بھی مقبول ہوئیں۔ ان فن کاروں نے درجنوں فلموں میں اسکرین سیمیں پر رنگ جمایا۔ بعدازاں پاکستان فلم انڈسٹری بے شمار مسائل کا شکار ہوگئی، تو فلمیں بننا بہت کم ہوگئی تھیں، بہت وقفے کے بعد اب صورت حال بہتر ہوئی ہے اور مختلف جوڑیاں بھی سامنے آرہی ہیں، مگر ماضی جیسی بات اب تک نہیں بنی۔ گزشتہ چند برسوں کی فلموں میں ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ کے ساتھ مہوش حیات کو فلم بینوں نے توجہ دی، جب کہ فہد مصطفیٰ کو ابتداء میں عُروہ حسین کے ساتھ دو فلموں میں بہ طور ہیرو سراہا گیا۔ 2019ء میں کئی اہم فلمیں سینما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہیں۔ آج ہم ان فلموں میں جلوہ گر ہونے والی نئی جوڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

اظفر رحمان اور مہوش حیات نے فلموں اور ڈراموں میں خود کو منوایا۔ اب یہ فلم ’’چھلاوہ‘‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔ یہ دونوں فن کار اس سے قبل ندیم بیگ کی فلم ’’پنجاب نہیں جائوں گی‘‘ میں نظر آئے، لیکن اظفر نے اس فلم میں معاون اداکار کی حیثیت سے کام کیا، جب کہ فلم کے ہیرو ہمایوں سعید تھے۔ تھوڑے ہی عرصے بعد اظفر رحمان کو ہدایت کار وجاہت رئوف نے فلم ’’چھلاوہ‘‘ میں مہوش حیات کے مدِمقابل کاسٹ کر لیا۔ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلم میں یہ دونوں فن کار کیا رنگ جمائیں گے۔

پاکستان شوبز کی سپر اسٹار ماہرہ خان اور بلال اشرف فلم ’’سپر اسٹار‘‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔ ماہرہ خان نے اب تک بالی وڈ کے نامور اداکار شاہ رُخ خان، ہمایوں سعید، شہریار منور کے ساتھ فلموں میں بہ طور ہیروئن کام کیا۔ اب وہ مومنہ دُرید کی فلم ’’سپر اسٹار‘‘ میں کیا رنگ جمائیں گی، اس کافیصلہ فلم کی ریلیز کے بعد سامنے آئے گا۔

نوجوان ہدایت کار اظفر جعفری نے اپنی نئی فلم ’’ہیر مان جا‘‘ میں حریم فاروق کے مدمقابل علی رحمان کو کاسٹ کیا۔ یہ جوڑی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’’پرچی‘‘ میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔ حریم فاروق اداکاری کے ساتھ فلم سازی کے عمل میں بھی کام یابی حاصل کر رہی ہیں۔ ’’ہیر مان جا‘‘ جیو فلمز کے تعاون سے ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کی جھلک بہت شان دار ہے۔

نئی نسل کے مقبول ہیرو سمیع خان اور نیلم منیر فلم ’’رانگ نمبر2‘‘ میں عیدالفطر پر رنگ بکھیرنے آ رہے ہیں۔ دونوں فن کار اس سے قبل ٹیلی ویژن کے مختلف ڈراموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ سینما اسکرین پر یہ جوڑی کتنی کام یاب ثابت ہوتی ہے، اس کے لیے صرف تھوڑے دنوں کا انتظار اور ہے۔ سمیع خان نے اپنا فلمی کیریئر 2004ء میں شروع کیا تھا،لیکن انہوں نے دو چار فلموں کے بعد ٹیلی ویژن کا رُخ کر لیا۔ اب کئی برس بعد وہ ایک نہیں دو بڑی فلموں میں بطور ہیرو منظر پر آ رہے ہیں۔ ’’رانگ نمبر2‘‘ کے علاوہ ان کی رواں برس ایک اور بڑی فلم ’’کاف کنگنا‘‘ عائشہ عمر اور ایشل کے ساتھ ریلیز ہوگی، یہ فلم خلیل الرحمٰن قمر اور آئی ایس پی آر نے بنائی ہے، جب کہ نیلم منیر کی یہ دُوسری فلم ہے۔ وہ اس سے قبل ہدایت کار محسن علی کی فلم ’’چُھپّن چُھپائی‘‘ میں احسن خان کے ساتھ بہ طور ہیروئن سلور اسکرین پر اپنے جلوے دکھا چکی ہیں۔

معروف ہدایت کار ثاقب ملک کی نئی فلم ’’باجی‘‘ میں آمنہ الیاس کے مدِمقابل عثمان خالد بٹ کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ اس فلم میں اداکارہ میرا بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ آمنہ الیاس اور عثمان خالد بٹ پہلی بار ایک ساتھ سلور اسکرین پر جلوے بکھیریں گے۔ عثمان خالد بٹ اس سے قبل عینی جعفری کے ساتھ فلم ’’بالو ماہی‘‘ میں بہ طور ہیرو کام کر چکے ہیں، جب کہ آمنہ الیاس نے بھی تین چار فلموں میں کام کیا ہے۔ زندہ بھاگ اور سات دن محبت میں آمنہ کی پرفارمنس کو سپراسٹارز کی موجودگی میں بھی سراہا گیا۔ ’’باجی‘‘ کی ریلیز کی تیاریاں مکمل ہیں۔

معروف ہدایت کار احسن رحیم کی سپر ہٹ فلم ’’طیفا اِن ٹربل‘‘ میں دُھوم مچانے والی اداکارہ مایا علی نئی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ میں معروف فن کار شہریار منور کے مدمقابل آ رہی ہیں۔ قبل ازیں شہریار منور کی جوڑی ماہرہ خان کے ساتھ بھی فلموں میں پسند کی گئی اور اب وہ مایا علی کے ساتھ پرفارمنس کا جادو جگانے آ رہے ہیں۔ اس فلم کو نامور لکھاری عمران اسلم نے لکھا ہے۔ ہدایت کار عاصم رضا ہیں۔ اس فلم کا عیدالاضحی پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔ معروف ہدایت کار بلال لاشاری کی فلم ’’مولا جٹ 2‘‘ نامور اداکار فواد خان کے مدِمقابل ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیاہے۔ ان دونوں سپر اسٹار کو سب سے زیادہ مقبولیت ڈراما سیریل ’’ہمسفر‘‘ سے حاصل ہوئی۔ ماہرہ خان اور فواد خان کی جوڑی کیا سینما اسکرین پر غیرمعمولی کام یابی حاصل کرتی ہے یا نہیں، یہ تو فلم کی ریلیز کے موقع پر ہی معلوم چلے گا۔

ہم نے نئی فلمی جوڑیوں کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا۔ نئے ہیروز اور ہیروئنوں کو رواں برس ریلیز ہونے والی فلموں سے بہت اُمیدیں وابستہ ہیں۔ قسمت کی دیوی کس پر مہربان ہوتی ہے، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔