بہترین کاروباری کتابوں کا جائزہ

June 09, 2019

زندگی میں کامیابی کے لیے کتابیں پڑھنا بہت ضروری ہے۔ آپ دنیا کے جس کسی بھی کامیاب شخص کی زندگی پر نظر ڈالیںگے، آپ کو کتب بینی اس کی زندگی میںشامل ملے گی۔ اگر آپ بھی زندگی میںکامیاب کاروباری شخص بننا چاہتے ہیں تو آپ کی رہنمائی کے لیے گزشتہ ایک سال کے دوران شائع ہونے والی چند بہترین کاروباری کتابوں کا جائزہ پیش کیا جارہا ہے۔

Principles for Navigating Big Debt Crises

اس کتاب کے مصنف رے ڈیلیو (Ray Dalio)دنیا کے سب سے بڑے ہیج فنڈ ’بِرج واٹر ایسوسی ایٹس‘ کے بانی اور ساتھی چیف انویسٹ منٹ آفیسر (Co-CIO)ہیں۔ اس سے پہلے انھوںنے Principles: Life and Work کے نام سے کتاب تحریر کی تھی، جس میںانھوں نے اپنی فرم کے انتہائی غیرمعمولی کلچر پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے اپنی ذاتی فلاسفی کی توسیع قرار دیا تھا۔ نئی کتاب انھوں2008ء کے عالمی مالیاتی بحران کے10سال مکمل ہونے پر لکھی ہے اور بتایا ہے کہ انھوں نے اور ان کی ٹیم نے اس بحران سے کیا سیکھا اور اس سے کس طرح نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

یہ ایک ضخیم کتاب ہے، تاہم رے ڈیلیو نے اپنی تحریر کو سادہ سے سادہ رکھنے کی کوشش کی ہے۔ اگر آپ سمجھنا چاہتے ہیں کہ گزشتہ عالمی مالیاتی بحران میں کیا ہوا اور ایک نیا بحران کیوں ناگزیر ہے تو پھر آپ کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے۔

Imagine It Forward

’اِمیجن اِٹفارورڈ‘، جنرل الیکٹرک اور این بی سی میں 30سال تک ایگزیکٹو عہدوںپر رہنے والی بتیھ کامسٹاک (Beth Comstock)کی یادداشتوں پرمبنی کتاب ہے۔ کتاب میں کئی دلچسپ واقعات کا ذکر شامل ہے، جیسےانھوں نے اسٹیو جابز کے ساتھ نوکری کے لیے اپنے انٹرویو کا ذکر کیا ہے، جو کتاب پڑھنے والوں کے لیے کافی مفید ثابت ہوگا۔ کتاب میں پروفیشنلز کے لیے کئی مؤثر عملی مشورے بھی موجود ہیں، جیسے انھوں نے کیریئر میں ترقی پانے یا نہ پانے کا ایک عالمی اصول بتایا ہے: کیریئر میں ترقی (پروموشن) خود بخود آپ کی گود میں آکر نہیں گِرے گی، جب تک کہ آپ اس کا اظہار نہ کریں۔

Mastering the Market Cycle

Oaktree Capital کے شریک بانی اور شریک چیئرمین ہوورڈ مارکس کا شمار دنیا کے چند کامیاب ترین سرمایہ کاروں میں ہوتا ہے۔ مارکس اور ان کے ساتھی عالمی مالیاتی بحران کے عروج پر 10ارب ڈالر کے اثاثہ جات خریدنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں، جس پر بعد میں انھوں نے اپنے کلائنٹس کے لیے 6ارب ڈالر اور اپنے لیے 1.5ارب ڈالر منافع حاصل کیا۔ اس کتاب میں وہ ایسے طریقے بتاتے ہیں، جن کے ذریعے مارکیٹ سائیکل کے مختلف اسٹیجز کو بہتر طور پر سمجھا اور کسی بھی وقت مارکیٹ کے موجودہ اسٹیج کا تعین کیا جاسکتا ہے۔

Great at Work

مارٹن ٹی ہانسن نے یہ کتاب لکھنے سے پہلے 5ہزار سے زائد منیجرز اور ملازمین کے انٹرویوز کیے، جس سے انھوں نے یہ اخذ کیا کہ دفاتر میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کس طرح کیا جاسکتا ہے۔ ہانسن، یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں مینجمنٹ پروفیسر ہیں اور ان انٹرویوز کی بنیاد پر اس کتاب میں انھوں نے کام کو بہتر طور پر انجام دینے کی 7عادات پر بات کی ہے۔ ان میں ایک عادت یہ بھی ہے کہ کئی لوگ جب اپنے کام پر توجہ مرکوز نہیںرکھ پاتے تو وہ اپنے ’باس‘ کو موردِ الزام ٹھہراتے ہیں، اس سلسلے میں وہ کتاب میں کہتے ہیں؛ Stop blaming your boss۔ وہ مزید یہ بھی بتاتے ہیں کہ آپ اپنے باس کی جانب سے آپ کو تفویض کردہ چند ذمہ داریوں سے انکار کرنا بھی سیکھیں۔ ’میں اپنے پاس پہلے سے موجود پراجیکٹس میں اچھی کارکردگی دِکھانا چاہتا ہوں‘، اپنے باس کو وضاحت پیش کریں۔

LEADERS: Myth And Reality

اسٹینلی مک کرسٹل امریکی افواج سے 2010ء میں ریٹائر ہوئے۔

یہ کتاب ’لیڈرشپ‘ سے متعلق آپ کی روایتی اور کتابی سوچ کو جھنجھوڑ کر رکھ دے گا۔

مؤثر لیڈرشپ کے بیانیے میں انھوں نے اپنے ذاتی تجربات کو بھی انتہائی مؤثر انداز میں شامل کیا ہے۔

The Job

ایلن روپیل شیل ایک صحافی ہیں۔ وہ اپنی وسیع تحقیق اور رپورٹنگ سے حاصل ہونے والے علم کی بنیاد پر اس کتاب میںبتاتے ہیں کہ کام کی دنیا کس طرح بدل رہی ہے۔ اپنی کتاب میںایک جگہ کہتے ہیں، ’آپ اپنے کام میںبہت زیادہ مطلب تلاش کرنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ ہوسکتا ہے کہ جب آپ وہ کام چھوڑ دیں تو آپ کو محسوس ہو کہ جیسے آپ کی شناخت گم ہوگئی ہے‘۔ وہ یہ بھی کہتے ہیںکہ زیادہ تعلق کے حصول کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ زیادہ آمدنی یا زیادہ کامیابی حاصل کریںگے، حالانکہ ان میں تعلق کو یکسر رد نہیں کیا جاسکتا۔ اس سلسلے میں وہ کہتے ہیں کہ آپ جس کسی بھی شعبہ سے وابستہ ہیں، آپ اس شعبہ میں کامیابی کے لیے مطلوب ہنر ضرور سیکھیں، کیونکہ مطلوبہ ہنر میں کمی آپ کی شناخت اور کامیابی پر اثرانداز ہوگی۔