آرٹس کی اقسام

June 09, 2019

گزشتہ چند برسوں سےدنیا بھرمیں فائن آرٹس کے طالب علموں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ علمی ماہرین اس بات پر متفق نظر آتے ہیں کہ مستقبل میں فائن آرٹس (فنون لطیفہ) کا شمار پسندیدہ پیشے کے طور پر کیا جائے گا۔ آرٹ انگریزی زبان کا لفظ ہے، جس کے کے لغوی معنی پر غورکیا جائے تو اردو میںاسے فن یا ہنر کہیں گے۔ فن کی جمع، فنون اور لطیفہ سے مراد ایک ایسا فن، جس میں لطافت ہو۔ معنوں کے اعتبار سے فنون لطیفہ کی وضاحت کچھ یوں کی جاسکتی ہے کہ ایک ایسا شعبہ جس میں وہ تمام فنون شامل ہوں، جن کے ذریعےانسان اپنے جذبات کا اظہار خوبصورت و لطیف انداز میں کرسکے اور تخلیق کو فروغ دے سکے۔

دنیا بھر کی مقبول تہذیبوں اور ثقافتوں کا سہرا بھی کسی حد تک اس شعبہ میں جدت کے شامل ہونے کو جاتا ہے، جس کےباعث دنیا بھر میں (بشمول پاکستان) ویژول آرٹس سے لے کر پرفارمنگ آرٹس تک کی کئی قسمیں پائی جاتی ہیں۔ فن کی ہر قسم اپنے پیچھے جذبات کی ایک کہانی لیے ہوتی ہے۔ یہ ایک انسان کے جذبات اور اس کی تخلیقات کو دوسرے انسان تک پہنچانے کا خوبصورت ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔ فائن آرٹس کے طالب علموں کا ان تمام قسموں سے واقف ہونا بے حد ضروری سمجھا جاتا ہے۔

پرفارمنگ آرٹس

آرٹس کی تمام اقسام میں سب سے زیادہ لطیف اور دلچسپ قسم ’پرفارمنگ آرٹس‘ ہے، جس میں درج ذیل فن شامل ہیں ۔

رقص : موسیقی کی دھن کے ساتھ جسم کو ایک خاص ترتیب میں حرکت دینے کو رقص کہتے ہیں۔ رقص کو ڈراما، فن آرائش اور موسیقی جیسے فنون کی بنیاد تصور کیا جاتا ہے۔ رقص کی کئی اقسام ہیں مثلاًبیلٹ ڈانس، بالروم ڈانس، سالسا ڈانس، ٹنگو ڈانسنگ، لائن ڈانسنگ، ہپ ہاپ ڈانس وغیرہ۔

موسیقی: یہ فن کی ایک ایسی قسم ہے، جس میں آواز اور خاموشی کو ایسے ترتیب دیا جاتا ہے کہ اُس سے سُر پیدا ہوتے ہیں۔ موسیقی کے لیے مختلف آلات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان آلات کے ذریعے مختلف اقسام کی موسیقی، مثلاً آپریٹک، کلاسیکل ،ماڈرن، ملکی اور پاپ موسیقی وغیرہ شامل ہیں ۔موسیقی کو آرٹ کی مشکل ترین قسموں میں شمار کیا جاتا ہے لیکن یہ آرٹ کی ایک اعلیٰ ترین قسم ہے۔ موسیقی آپ کے موڈ کو بدلنے کی صلاحیت سے مالا مال ہوتی ہے ۔

فلم اور تھیٹر:فلم اور تھیٹر تفریح کا اہم ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔ یہ انسان کے جذبات اور تخیلات پر مبنی کہانیوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ تھیٹر آرٹسٹ عوام کے سامنے پرفارم کرتے ہیں جبکہ فلمیں ریکارڈ کی جاتی ہیں ۔

بصری آرٹ (Visual Arts)

بصری آرٹ کی تعریف کچھ یوں کی جاسکتی ہے، ’’آرٹ کی وہ قسم جس میں ایک آرٹسٹ اپنے خیالات، جذبات اور تخیلات کے اظہار کے لیے مختلف اقسام کے میڈیم استعمال کرتا ہے‘‘۔ آرٹ کی اس شاخ میںدرج ذیل قسم کا آرٹ شامل ہے ۔

ڈرائنگ:یہ آرٹ کی وہ قسم ہے،جس میں پنسل، قلم یا چارکول کا استعمال کرتے ہوئے ہاتھ سے نقشہ سازی کی جاتی ہے۔ لازمی نہیں کہ ڈرائنگ صرف ہمارے ارد گرد موجود حالات کی تصویر بیان کرے بلکہ یہ آرٹسٹ کے ذہن میں پیدا ہونے والے خیالات اور جذبات کی وضاحت یاخلاصہ بھی ہوسکتا ہے۔

پینٹنگ:پینٹنگ دراصل تصویری زبان ہے۔ر نگوں سے کھیلنے اور تصویروں کو زبان دینے کا نام ہی مصوری ہے۔ آرٹ کی اس قسم میں ایک آرٹسٹ اپنے اردگرد کے ماحول سے متاثر ہوکرخوشیوں، کامرانیوں پریشانیوں اور حسرتوں کو رنگوں کی مدد سے اپنے کینوس میں سمونے کی کوشش کرتا ہے۔ پینٹنگ کے دوران آئل کلرز، پیسٹلز، واٹر کلرز اور چارکولز بطور میڈیم استعمال کیے جاتے ہیں ۔

مجسمہ سازی: مجسمہ سازی کا شمار بھی بصری آرٹ میں کیا جاتا ہے۔ مجسمہ سازی کی تعریف ایک سہ جہتی آرٹ کے طور پر کی جاسکتی ہے جس میں مٹی ،پتھر اور لکڑی کے استعمال سے شکل بنائی جاتی ہے۔ تاہم، بنیادی طور پر مجسمہ سازی کے لیے دو طریقے ہی استعمال کیے جاتےہیں، ایک میںمٹی سے مجسمہ بنایا جاتا ہے اور دوسرے میںلکڑی اور پتھر کے ملاپ سے ۔

خطاطی:فنِ خطاطی آرٹ کی وہ قسم ہے، جس میں ایک مصور خوش خطی کے ذریعے اپنے فن کااظہار کرتا ہے۔ یہ فن دنیا کے ہر گوشے میں اور ہر زبان میں پایا جاتا ہے۔ رومن، لاطینی اور عربی زبان میں فن خطاطی کافی مقبول ہے۔

اپلائیڈ آرٹس

اپلائیڈ آرٹس بھی فنون لطیفہ کی ایک قسم ہے۔ اس قسم میں آرکیٹیکچر، جیولری ڈیزائنر، فیشن ڈیزائنر، ووڈ کرافٹر اور انٹیریئر ڈیزائنر شامل ہیں۔