Advertisement

آسٹریلیا کا پاکستان کو 308 رنز کا ہدف

June 12, 2019
 

ورلڈکپ 2019 کے سترہویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لئے 308 رنز کا ہدف دیا ہے۔

محمد عامر نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے پانچ آسٹریلوی کھلاڑیوں کا شکار کیا، یہ پہلا موقع ہے جب کسی بھی ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں عامر نے پانچ وکٹیں لی ہیں۔

ٹاؤنٹن میں آسٹریلوی اوپنرز نے پاکستانی بولرز کے خلاف 146 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

کپتان ایرون فنچ نے 82 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اسٹیو اسمتھ تھے جو 10 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین گلین میکسویل زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 گیندوں پر 20 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس دوران ڈیوڈ وارنز نے اپنی سنچری مکمل کی جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اُن کی 15 ویں سنچری ہے۔

وارنر 107 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اُن کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

عثمان خواجہ بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 18 رنز پر محمد عامر کا شکار ہوگئے۔

شان مارش کو 23 رنز پر محمد عامر نے پویلین کی راہ دکھائی تو کولٹرنائل کو وہاب ریاض نے صرف 2 رنز پر آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پیٹ کومنز تھے جو 2 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے 30 رنز دے کر پانچ، شاہین آفریدی نے 2، جبکہ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ

اس سے قبل ٹاؤنٹن میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ورلڈکپ 2019 میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے چوتھے میچ میں آسٹریلیا کے خلاف مقابلے کے لئے میدان میں اتری ہے ، دونوں ٹیمیں دو پوائنٹس حاصل کرنے کے لئے پُر عزم ہیں۔

ٹاؤنٹن میں موسم خشک اور سرد ہوگیا ہے، بارش کا امکان بھی کم رہ گیا ہے۔

آج کے میچ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی سابق کرکٹر اختر سرفراز اور ٹیسٹ امپائر ریاض الدین کے انتقال کی وجہ سے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کھیلیں گے۔


ٹاؤنٹن میں گرین ٹاپ پچ ہونے کی وجہ سے پاکستان نے 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹیم میں شاداب خان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر موجودہ صورتحال میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی چوتھی پوزیشن ہے جبکہ گرین شرٹس آٹھویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اب تک میگا ایونٹ میں دو میچز کھیلے ہیں، جن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست اور میزبان انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

پاکستان کا سری لنکا کے خلاف تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ جس پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔


مکمل خبر پڑھیں