’حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھورہی ہے‘

June 12, 2019

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر کار بند حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھو رہی ہے۔

ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کرپشن اور قرضوں کا حساب ان مشیروں سے لیں جو سابقہ ادوار میں قرضے لینے میں پیش پیش رہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 16 جون سے مہنگائی، بیروزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کیخلاف تحریک چلائے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے مسلط کردہ ایجنڈے پر کاربند حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی نااہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو دیکھا اور پرکھا ہے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کوئی جماعت ملک و قوم کے مسائل حل نہیں کر سکی، پی ٹی آئی کی 10 ماہ کی کارکردگی سے کسی بہتری کی امید لگانا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے بجٹ2019-20 کو مسترد کردیا ہے، بجٹ میں مہنگائی اور بیروزگاری پر قابو پانے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل نہیں دیا گیا۔