Advertisement

نریندر مودی پاکستانی فضائی حدود سے نہیں گزریں گے، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

June 12, 2019
 

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اجازت ملنے کے باوجود پاکستان کی فضائی حدود سے نہیں گزریں گے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع سے بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ نریندر مودی کا طیارہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ کے لئے کرغزستان ( بشکک) جانے کےلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرے گا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی بشکک جانے کے لئے اومان اور ایران کا متبادل راستہ اختیار کریں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت نے وی وی آئی پی طیارے کے لیے 2 راستے بتائے، جن میں سے اومان، ایران اور وسطی ایشیائی ممالک سے بشکک جانے کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پربشکک جانے کےلئے نریندر مودی کے طیارے کے لئے خصوصی طور پر فضائی حدود کھولنے کی اجازت دی تھی۔

ایوی ایشن ڈویژن کو اسلام آباد میں قائم بھارتی ہائی کمیشن سے نریندر مودی کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی، جس کے بعد وزیر اعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بھارتی وزیراعظم کے لیے فضائی حدود کھولنے کی ہدایت کی تھی۔


مکمل خبر پڑھیں