پی سی بی چیئرمین اور ایم ڈی نے اپنا ڈیلی الائونس کم کردیا

June 13, 2019

پی سی بی میں ٹرانسپرنسی لانے کے لئے چیئر مین اور بورڈ آف گورنرز کے بعد اب منیجنگ ڈائریکٹر کے سہ ماہی اخراجات کی تفصیلات پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری کرنے کا اعلان کیاگیا ہے۔

جبکہ وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ کی مراعات میں کمی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے اپنا ڈیلی الاونس کم کرکے 320کے بجائے دو سو ڈالرز کردیا ہے۔

وہ ورلڈ کپ کے لئے انگلینڈ میں بیس دن قیام کریں گے لیکن وسیم خان نے صرف نودن کا ڈیلی الاونس اس لئے لینے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ نو دن ان کی میٹنگز ہیں۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ وسیم خان کا گھر انگلینڈ میں ہے اس لئے وہ رہائش کے لئے کوئی پیسے نہیں لیں گے۔

وہ برطانیہ میں اپنی گاڑی استعمال کریں گے ۔وسیم خان نے6400ڈالرز کے بجائے 1800ڈالرز کا ڈیلی الاونس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی چیئر مین احسان مانی 21جون کو آئی سی سی کے مہمان کی حیثیت سے بر طانیہ جارہے ہیں۔

آئی سی سی نے احسان مانی کو سابق صدر کی حیثیت سے مدعو کیا ہے۔احسان مانی اس دوران پی سی بی سے کوئی ڈیلی الاونس نہیں لیں گے۔

جبکہ وسیم خان نے ورلڈ کپ کے دوران ڈیلی الاونس کم لینے کا فیصلہ کیا ہے احسان مانی نے مستقل طور اپنے غیر ملکی دورے میں ڈیلی الاونس چھ سو ڈالرز سے کم کرکے چار سو ڈالرزکردیا ہے۔

ماضی میں اگر چیئرمین اپنی رہائش استعمال کرتےتھے تو انہیں بارہ سو ڈالرز ملتے تھے۔لیکن احسان مانی نے اپنا ڈیلی الاونس د و سو ڈالرز مستقل بنیادوں پر کم کردیا ہے۔