سندھ کے روایتی پکوان

June 18, 2019

دنیا بھرکے لوگوں نےشکم سیری کے لیے بعض ایسے پکوان متعارف کرائے جو غذائی ضرورت پوری کرنے کے علاوہ کام و دہن کو لذتوں سے بھی آشنا کرتے ہیں۔برصغیر پاک وہندمیں عوامی سطح پر سبزی ، شعلہ، باؤلی ہنڈیاجیسی ڈشوں کا رواج ہوا جب کہ نوابین نے شکم پری کے علاوہ دوسری ریاستوں کے نوابین سے سفارتی رابطوں کے دوران نئی نئی غذاؤں کو فروغ دیا۔ کبھی باقر خان نے روٹی اس انداز سے پکائی کہ اس کا نام باقرخانی پڑگیا، کبھی تفتان سے بلائے گئے ایرانی نان بائی نے روغنی نان اس طریقے سے بنایا کہ اسے تافتان کے نام سے پکارا جانے لگا، کبھی بادام پستہ کی ہوائیوں سے کھچڑی تیار کی گئی، بلبلوں کے دل سے پکوان بنائے گئے، موم بتی اور ریشم کی آنچ پر نفیس ڈشیں بنائی گئیں۔ نئی نئی لحمیاتی غذائیں ایجاد ہوئیں۔ پہلے پلائواور زردہ بنا پھر ان دونوں کو یکجا کرکے متنجن کا نام دیا گیا۔ بریانی، قورمہ، شیرمال بھی، شاہی ٹکڑے وغیرہ بھی اسی دور کی ایجادات مطبخ ہیں۔

پاکستان کے قیام کے بعد مملکت خداداد میں مختلف صوبوں اور خطوں میں وہاں کی سماجی اور علاقی روایات کےمطابق مخصوص ڈشیں معروف ہیں، جن میں سے چترالی منتوجو ، وادی چترال کی مخصوص خوراک ہے۔ یہ گائے یادنبے کے گوشت سے بنتی ہے، اس کو بنانے کیلئے گوشت میں پیاز کے ساتھ تمام مصالحے ڈال کر مکس کیا جاتا ہے، پھر ڈو لی جاتی ہے اور چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا لئے جاتے ہیں اور ان پیڑوں کے بیچ مصالحہ لگا گوشت رکھ کر بند کردیا جاتا ہے۔

ایک اسٹیل کے برتن میں منتو کو بھاپ میں پکایا جاتا ہے۔اسی طرح بلوچستان کی سجی کافی معروف ہے جو ٹنڈوآدم کی وجہ شہرت بھی ہے۔سجی نہ صرف ایک بہترین روایتی ڈش ہے بلکہ یہ بلوچستان کی پہچان بھی بن چکی ہے، جو بھی اسے کھاتا ہے اسے بار بار کھانے کی خواہش ہوتی ہے، سجی کی تیاری میں بکرے کی ران اور دستی کو دہکتے کوئلوں کی آگ سے اسے اپنے منفرد انداز میں تیار کیا جاتا ہے۔یہ واحد ڈش ہے جو بغیر گھی کے پکائی جاتی ہے ، تمام روایتی ڈشوں میں سجی کو خاص اہمیت حاصل ہے ۔ بلوچستان اپنے لذیذ اور خوش ذائقہ کھانوں اور مہمان نوازی کی وجہ سے ملک بھر میں مشہور ہے ۔

سندھ کے دیہی علاقے بھی اپنے روایتی پکوانوں کی وجہ سے کافی معروف ہیں، جن کا تذکرہ ذیل میں نذر قارئین ہے۔

سندھی بریانی

سندھی بریانی ہےتو سندھ کے دیہی علاقوں کا پکوان لیکن یہ پاکستان بھر میں مشہور ہے، اس کو سندھ کی ایک روایتی ڈش تصور کیا جاتا ہے۔اس کی تیاری میںچکن یا مٹن: 1 سے ڈیڑھ کلو،چاول: 1 کلو،آلو: ایک کلوگرام،ٹماٹر: 2 سے 3 عدد،دہی: 250 گرام،آلو بخارے: 10 سے 15 عدد،سرخ مرچ: 1 چائے کا چمچ،نمک: حسب ذائقہ،پیاز: 3 عدد،لہسن کا پیسٹ: 2 چائے کے چمچ،ادرک: 1 چائے کا چمچ،چھوٹی الائچی: 8 عدد،بڑی الائچی: 4 عدد،لونگ: 10 عدد،کالی مرچ: 10 عدد،زیرہ: 1 چائے کا چمچ،دار چینی: 1 چائے کا چمچ،تیز پات کے پتے: 2 عدد،تیل: 250 گرام،سبز مرچیں: 6 عدد،ہرا دھنیہ: تھوڑا سا،پودینہ: تھوڑا سا،کیوڑا: 1 چائے کا چمچ،زردے کا رنگ 2 چٹکی،چینی: 1 چائے کا چمچ

ترکیب:۔لچھے دار پیاز کاٹ کر فرائی کرلیں، سرخ ہونے کے بعد آدھے نکال کر علیحدہ رکھ لیں۔آدھے پیاز میں لہسن، ادرک، نمک، مرچ، الائچی، کالی مرچ، زیرہ، دار چینی، لونگ، تیز پات اور دہی ڈال دیں۔ان سب کو پانی خشک ہونے تک فرائی کر لیں۔اب اس میں مٹن یا چکن ڈال دیں۔ مٹن کی صورت میں اتنا پانی ڈالیں کہ گوشت گل جائے جبکہ چکن کے لیے پانی کی ضرورت نہیں ہے۔

آلو کو کاٹ کر اس کے ٹکڑے کر لیں اور تھوڑا سا سخت رکھ کر ابال لیں۔چاولوں کو پانی میں آدھا گھنٹہ بھگونے کے بعد ان کو ابال کر پانی سے دھو لیں۔ٹماٹر، ہری مرچیں، دھنیہ، پودینہ، آلو بخارے، ابلے ہوئے آلو اور فرائی پیاز ان سب کو گوشت گل جانے کے بعد اس میں ڈال دیں۔اب چاولوں کی ایک تہہ لگا کر اس پر گوشت کا مصالہ ڈال دیں اور اوپر کیوڑہ، فوڈ کلر اور چینی ڈال کر دم دے دیں۔دسترخوان پر کرنے سے پہلے مکس کر کے رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

حیدرآبادی مرچوں کا سالن

حیدرآبادی کھانے اپنے منفرد مصالحوں کی وجہ سے بہت مشہور ہیں، یہ صوبہ سندھ کے مشہور ڈش میں سے ایک ہے۔ہری مرچ ٓآدھا کلو،پیاز (سلائس) چار عدد،املی کا رس آدھا کپ،کڑہی پتہ تین عدد،نمک حسب ذائقہ،خشخش دو کھانے کے چمچ،تل دو کھانے کے چمچ،کھوپرا دو کھانے کے چمچ،ثابت زیرہ دو کھانے کے چمچ

میتھی دانہ دو کھانے کے چمچ،ہلدی ایک چائے کا چمچ،لال مرچ ایک چائے کا چمچ،تیل حسب ضرورت۔ سب سے پہلےپیاز راؤن کرکے پیسٹ بنا لیں۔فرائی پین میں کھوپرا، ثابت زیرہ، میتھی دانہ، تل اور خشخش ڈال کے بھونیں۔ٹھنڈا کرکے تھوڑے سے پانی کے ساتھ پیسٹ بنا لیں۔ہری مرچوں کے درمیان میں ایک طرف کٹ لگائیں اور ان کوکڑاہی میں تھوڑے سے تیل میں تیز آنچ پر دو، چار منٹ فرائی کرکے پلیٹ میں نکال لیں۔اسی کڑاہی میں چار چمچ تیل گرم کرکے اسے چولہے سے ہٹا کے اس میں سونف، زیرہ، کڑی پتہ، پیاز کا پیسٹ شامل کریں، مکس کرکے چولہے پر پکائیں۔ اب اس میں پیسٹ شامل کرکے مکس کریں۔تین چمچ تیل، ہلدی، لال مرچ اور املی کا رس شامل کریں چمچ مسلسل ہلاتے رہیں۔ہری مرچیں اور نمک اس مصالحے میں شامل کرکے مکس کریں۔ (چار پانچ ہری مرچیں الگ کرلیں)ڈھک کے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ ہری مرچوں سے سجا کے پیش کریں۔

شکار پور کا اچار

اگر آپ نے شکارپور کے اچار اور مربے نہیں کھائے تو دسترخوان کا ذائقہ ادھورا سمجھیے، شکار پور کا اچار اپنے کھٹاس اور ذائقے کے لحاظ سے پورے پاکستان میں مشہور ہے اور لوگ اسے کافی شوق سے کھاتے ہیں جبکہ اس کو فرمائش کرکے منگوایا بھی جاتا ہے۔اچار کے حوالے سےسندھ کا یہ شہر بہت مشہور ہے اور اس وقت بھی وہاں پر کافی اچار بنانے والے کارخانے کام کر رہے ہیںاور انھیں شہر کے مین بازاروں میں سجاکر بیچا جاتا ہے۔ اس بیوپار میں زیادہ تر ہندوافرادہوتے تھے لیکن شکارپور میں جن گھروں میں لوگ لینے جاتے تھے وہ صدیقی ذات کے لوگ ہوتے ہیں۔بازار میں دکانوں میں بڑی مقدار میں بکتا ہے لیکن گھروں میں بننے والا اچار وہ اپنے کھانے کے لیے بناتے ہیں یا پھر دوستوں کو تحفے کے طور پر بھیجتے ہیں۔ اس کے علاوہ گھروں سے لوگ ان سے جو اچار لیتے ہیں وہ 5 روپے سے لے کر 10 روپے کا ہوتا ہے جو انھیں برتن میں دیتے ہیں جو وہ اپنے ساتھ لاتے ہیں اور وہ زیادہ بچے ہوتے ہیں جو گھر میں جاکر لے آتے ہیں۔ اس طرح سے اچار بیچنے والوں کا کہنا ہے کہ جو اچار بچ جاتا ہے وہ محلے والوں یا پھر جاننے والوں کو بھیجتے ہیں اور یہ ان کا بزنس نہیں ہے۔ ایک زمانے میں زیادہ تر آم کا اچار بنایا جاتا تھا لیکن اب سبزیوں، پھلوں اور گوشت کا اچار بھی تیارکیا جاتا ہے اور یہ ایک اچھا خاصا بزنس بن چکا ہے، مگر اب یہ بزنس زیادہ تر شکار پور تک سندھ میں محدود ہوگیا ہے۔ اس وقت اچارکراچی، لاہور،اسلام آباد اور بلوچستان بھی بھیجا جاتا ہے جہاں سے افغانستان اور ایران بھی جاتا ہے۔ اچارکھٹا اور میٹھا بھی بنتا ہے جس کے لیے مسالوں میں تھوڑی سی تبدیلی لانی پڑتی ہے اور خاص طور پر میٹھے اچار میں چینی ڈالی جاتی ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمت کھٹی سے زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ سرسوں کے تیل میں بنا ہوئے اچار میں آم یا دوسرے پھلوں کی کھال نہیں اتاری جاتی جب کہ سرکے میں بنانے کے لیے اس کی کھال اتار دی جاتی ہے۔ اچار پانی میں بھی بنتی ہے اور وہ سستی ہوتی ہے مگر اس کا ذائقہ اتنا اچھا نہیں ہوتا۔

سندھی مٹن بریانی

اس کا شمار بھی سندھ کی روایتی خوراک میں ہوتا ہےجو دیگر شہروں میں بھی معروف ہے۔ اس ک۔ بنانے کی ترکیب :،ڈیڑھ کلو(ران کا گوشت)،باسمتی چاول تین مگ،آلو درمیانے، پانچ عدد،تیل آٹھ سے ،پیاز دو عدد، بڑی کٹی ہوئی،ادرک اور لہسن چار چائےکا چمچ، پسے ہوئے،ٹماٹر پانچ سے چھ،آلو بخارےبارہ سے چودہ عدد،نمک حسب ذائقہ،لال مرچ پاؤڈر تین سے چار چائےکے چمچ،لونگ بارہ سے چودہ عدد،چھوٹی الائچی دس عدد،کالی مرچ بارہ سے چودہ عدد،زیرہ دو چائےکے چمچ،دارچینی دو ٹکڑے،بڑی الائچی پانچ عدد،تیز پات پانچ سے چھ عدد،کھٹا دہی آدھا کلو،ہری مرچ چھ سے آٹھ عدد،ہرا دھنیہ آدھی گٹھی ،پودینہ دس سے بارہ پتے،کھانے کا رنگ ایک چٹکی۔

چاول اُبالنے کے لیے:نمک حسب ذائقہ،تیز پات چار عدد،دار چینی چار ٹکڑے،بڑی الائچی تین عدد،کالی مرچ ایک چوتھائی چمچ،لونگ ایک چوتھائی چمچ ۔ترکیب:تیل گرم کرکے کٹی ہوئی پیاز سنہرا ہونے تک تل لیں، اس میں سے تین یا چار کھانے کے چمچ گارنش کے لیےعلیحدہ کرلیں۔ پیاز میں ادرک لہسن، ٹماٹر، آلو بخارے، نمک، لال مرچ، تیز پات، زیرہ اور ثابت گرم مسالا شامل کرکے،پانچ سے دس منٹ فرائی کریں، مسلسل چمچ چلاتی رہیں، ساتھ ہی دہی، گوشت اور پانی بھی شامل کردیں-جب گوشت تین چوتھائی گل جائےتو اس میں چھلے ہوئےآلو بھی ڈال دیں، پندرہ سے بیس منٹ مزید پکائیں یا جب تک گوشت اور آلو گل نہ جائیںتب تک پکاتی رہیں۔ ہرے مسالےشامل کریں اور تیز آنچ پر بھونیں، بریانی کا قورمہ تیار ہے ایک طرف رکھ دیں۔ایک الگ پتیلی میں پانی اُبالیں ، اس میں ثابت گرم مسالا اور تیز پات ڈال دیں۔ پانی ابل جانے پر اس میں پہلے سے بھگوئے ہوئے چاول ڈال دیں اور ایک کنی رہ جانے تک ابالیں، چاول پوری طرح دم کے دوران تیار ہوںگے۔اب چاولوں سے پانی چھان لیں، دیگچی میں چاولوں کی پہلی تہہ بچھائیں اس پر بریانی کے قورمہ کی تہہ بچھائیں اوپر سے چاولوں کی ایک اور تہہ لگا دیں۔اوپر سے تلی ہوئی پیاز، کھانے کا رنگ، پودینہ، دھنیہ اور ہری مرچ ڈال کرر ڈھکن سے بند کردیں۔پانچ منٹ تک تیز آنچ پر پھر پندرہ منٹ دھیمی آنچ پر دم پر رکھیں پھر دس منٹ انتظار کریں اور مکس کر کے کھانے کے لیےپیش کریں۔

سندھی ہانڈی کباب

’قیمہ آدھا کلو،ڈبل روٹی کے سلائس دو عدد،نمک حسب ذائقہ،انڈا ایک عدد،کالی مرچ ایک چائے کا چمچ ﴿کُٹی ہوئی،لال مرچ دو چائے کے چمچ ﴿کُٹی ہوئی،تیل ایک پیالی،ٹماٹر آدھا کلو باریک کٹے ہوئے،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،زیرہ ایک چائے کا چمچ ﴿بُھنا اور پسا ہوا،ہری مرچ دو عدد ﴿کچلی ہوئی،لیموں دو عدد،ہری مرچ دو عدد ﴿باریک کٹی ہوئی،ہرا دھنیا آدھی گٹھی،ادرک تھوڑا سا ،کٹا ہوا،ادرک ایک کھانے کا چمچ ﴿باریک کٹی ہوئی۔ترکیب: ایک پیالے میں قیمہ اور ڈبل روٹی کے سلائس ملاکر چوپر میں پیس لیں،اب اس میں انڈا، نمک، کالی مرچ اور ایک چائے کا چمچ لال مرچ ملاکر چھوٹے کباب بنالیں،پھر فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے کبابوں کو شیلو فرائی کرلیں،اس کے بعد ایک دیگچی میں ٹماٹر، ادرک لہسن کا پیسٹ، ایک چائے کا چمچ لال مرچ، زیرہ، کچلی ہوئی ہری مرچ اور تیل ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں،جب پانی خشک ہونے لگے تو ہلکا سا بھون کر تلے ہوئے کباب ڈال دیں۔اوپر سے لیموں کا رس، کٹی ہری مرچ، ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر دَم پر رکھ دیں۔مزے دارسندھی ہانڈی کباب تیار ہیں۔

سندھی بھت (پلاؤ)

چاول ایک کلو،پیاز ایک کلو،مٹر ایک کلو،گوشت ایک کلو،گاجر آدھا کلو،ٹماٹر ایک کلو،دار چینی ایک ٹکڑا،لونگ چھ عدد،لال مرچ، نمک حسب ذائقہ،گھی ڈیڑھ پاؤ،سیاہ زیرہ ایک چائے کا چمچ،ہری مرچ دس عدد،بڑی الائچی دو عدد

ترکیب:سب سے پہلے پیاز، گاجر کو کاٹ لیں اور ٹماٹر کے چار چار ٹکڑے کاٹ لیں،پھر گرم گھی میں پیاز کو بادامی رنگ آنے تک تل لیں، گوشت میں نمک، مرچ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں،اس کے بعد اس میں تمام مسالے شامل کرکے اتنا پانی ڈالیں، جس میں گوشت اچھی طرح گل جائے،جب پانی خشک ہو جائے اور گوشت گل جائے تو گاجر، ٹماٹر، مٹر اور ہری مرچ ڈال دیں اور چمچ ہلاتی رہیں،اس کے بعد بھگوئے ہوئے چاول ڈال دیں اور انہیںچند منٹ تک بھونتی رہیں،کوشش کر یں کہ چاول ٹوٹیں نہیں،پھر اس میں اتنا پانی ڈالیں کہ جس میں چاول گل جائیں،جب پانی خشک ہو جائے تو دس، پندرہ منٹ تک دم پر رکھ دیں،دم کے بعد گرم گرم نوش فرمائیں۔

سندھی پالک گوشت

اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، پسی ہوئی لال مرچ، حب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ،پسی ہوئی ہلدی ایک چمچ،ٹماٹر ایک پاؤ، ہری مرچ چھ عدد، سوکھی میتھی آدھی چھٹانک ،پسا ہوا دھنیا آدھی چھٹاک، پالک ایک کلو، گھی حسب ضرورت۔ترکیب:گھی گرم کرکے اس میں گوشت کو بھونیں، لیکن پانی نہ ڈالیں، پھر اس میں پالک اور تمام مسالے ڈالیں۔ پالک کے پانی میں پالک اور گوشت کو گلنے دیں، جب پانی خشک ہو جائے تو اس میں ٹماٹر، ہری مرچیں ڈال کر بھون لیں۔ بھونتے وقت سوکھی میتھی بھی شامل کردیں، گھی اوپر آنے لگے تو سمجھ لیں سندھی پالک گوشت تیار ہے۔

سندھی الائچی گوشت

اجزاء: بکرے کا گوشت آدھا کلو، سبز الائچی 10عدد، پسی ہوئی کالی مرچ د وچائے کے چمچ، ہلدی، دھنیا، مرچ ایک ،ایک چائے کا چمچ، نمک ذائقہ چھوٹے ٹماٹرتین عدد، دہی آدھا کپ۔

ترکیب:گوشت کو کچن ہیمر یا کانٹے سے گود لیں، دہی اور نمک ملاکر رکھ دیں، گرائنڈر میں پانی کے ساتھ سبز الائچی پیس لیں دیگچی میں تیل گرم کریں اور الائچی پیسٹ سمیت تمام اجز اڈال کر تیل چھوڑنے پر پھر دہی والا گوشت ڈال کر دو منٹ بھونیں پھر چارکپ پانی ڈال کر گوشت کو درمیانی آنچ پر گلالیں اور جب گوشت تیل چھوڑنے لگے تو چولہا بند کردیں۔

سندھی اسٹو

اجزاء:گوشت ایک کلو، پیاز موٹی کٹی ہوئی چھ عدد، نمک حسب ذائقہ، ثابت لال مرچ، دس عدد، ثابت گرم مسالا ، دو کھانے کے چمچے ، ادرک و لہسن موٹا کٹا ہوا، آدھا کپ، دہی ایک پائو، گھی ،دو کپ۔تمام مسالوں کو دو حصوں میں تقسیم کرلیں۔ترکیب:گوشت کو دیگچی میں ڈال کر ، ایک ، ایک کپ گھی ، دہی اور پیاز اورتقسیم شدہ مسالے ڈال کر دو کپ پانی شامل کریں اور گوشت گلنے تک پکنے کے لیے رکھ دیں ، جب گوشت گل جائے، تو اس میں بچا ہوا مسالہ، ایک کپ دہی شامل کرکےاچھی طرح بھونیں ، جب گھی اوپر آنے لگے تو چولہا بند کردیں۔ سندھی اسٹو تیار ہے، گرما گرم چپاتی کے ساتھ ، اسٹو کا مزا دو بالا ہو جائے گا۔

سندھی گوشت کی طہاری

اجزاء:باسمتی چاول آدھا کلو ،تیل ایک کپ، کالی مرچ آدھا کھانے کا چمچ، دار چینی ایک سے دوعدد، لونگ 3,4عدد ،کالی الائچی 2,3 عدد، ہری الائچی3,4عدد، زیرہ ایک چائے کا چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ 2کھانے کے چمچے، لال مرچ پاؤڈرایک کھانے کا چمچ،بیف بون لیسآدھا کلو، ہرا دھنیاآدھی گٹھی، چھوٹی ہری مرچ8,9عدد، لیموں کا رس 2کھانے کے چمچے ،سلاد سرونگ کے لیے۔ٹماٹر ایک کپ ،آلوآدھا کلو، پیاز ایک کپ پسی ہوئی،دہیآدھاکپ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، اچار سرونگ کے لیے۔ترکیب:گوشت کو پانی میں اُبال کر رکھ لیں۔ ایکدیگچی میں میں تیل گرم کرکے پیاز،زیرہ اورثابت گرم مسالا ڈال کرپکائیں، اتنا کہ ہلکا براؤن ہوجائے۔ پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، دہی اور ٹماٹر شامل کرکے پکنے دیں،جب ٹماٹر گل جائیں تو اُبلاہواگوشت اورآلو ڈال کرپانچ ، چھ منٹ تک فرائی کریں۔ ساتھ ہی 2کپ پانی ڈال کر ابال آنے تک پکائیں۔ پھر اس میںاُبلے ہوئےچاول ، ہری مرچ،لیموں کا رس، ہرا دھنیا اور پودینہ شامل کرکے ڈھک دیں۔ پانی خشک ہونے پر گرم توے پر 7سے8منٹ تک دم پر رکھیں۔ سلاد،رائتہ اور اچارکے ساتھ پیش کریں۔

سندھی کھٹےگوشت کا پلاؤ

اجزاء:چاول ایک کلو،گوشت ایک کلو،پیاز ساڑھے تین کلو،املی ایک چھٹانک،گھی آدھی پیالی،ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ،لہسن پیسٹ ایک چائے کا چمچ،ہلدی ایک چائے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب:گھی اچھی طرح گرم کر لیں اور پیاز باریک کاٹ کر گھی میں ہلکے بادامی رنگ میں تل لیں۔ اب پسا ہوا لہسن ،ادرک ،ہلدی، نمک شامل کر کے پانچ منٹ تک بھوننے کے بعد اس میں گوشت ڈال دیں۔ گوشت کو بادامی رنگ میں بھوننے کے بعد دوپیالی پانی ڈال کر گوشت کو گلنے کے لئے چھوڑ دیں۔ گوشت گل جائے تو اس میں املی کا پانی ڈال دیں اور مزید دس منٹ تک پکنے دیں۔ جب پانی گاڑھا ہو جائے تو اسے دھیمی آنچ پر دم کے لئے رکھ دیں اور چاول کو الگ ایک کنی ابال لیں۔ ایک دیگچی چاول اور گوشت کی تہہ جما لیں اور دم پر رکھ دیں۔ مزیدار سندھی کٹھا پلاؤ تیار ہے۔