انزائٹی میں مبتلا شخص کی مدد کیسے کی جائے؟

June 20, 2019

جب آپ کا کوئی پیارا شخص انزائٹی سے دوچار ہو تو آپ کو بھی تکلیف ہوتی ہے اور چاہتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں آپ اس کی مدد کو پہنچیں۔ تاہم، معاملہ انتہائی حساس اور پیچیدہ ہونے کے باعث آپ یہ بھی سوچتے ہیں کہ اس کی مدد کا درست طریقہ کیا ہوسکتا ہےکیونکہ تھوڑا سا بھی نامناسب رویہ اور بات چیت میں غلط الفاظ کا چناؤ، اس کی طبیعت میں بہتری لانے کے بجائے انزائٹی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

اگر آپ انزائٹی کے شکار اپنے پیارےکی مدد کرنا چاہتے ہیں یا اس کی کیفیت کو نارمل سطح پر لانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو پہلے یہ سوچنا ہوگا کہ آپ کس طرح اس سے ہم احساسی (Empathy)پیدا کرسکتے ہیں۔ علم نفسیات پر کئی کتابوں کے مصنف اور کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈیوڈ شانلے کہتے ہیں،’’آپ کو ایک اچھا سامع (سننے والا) اور ایک اچھا کوچ بننا پڑے گا۔ انزائٹی میں مبتلا شخص کو اس کے خول سے نکال کر کسی موضوع پر محض بات کرنے پر آمادہ کرنے سے بھی اس کی انزائٹی کی بلند شدت میں کمی لائی جاسکتی ہے‘‘۔ آپ انزائٹی میں مبتلا اپنے پیارے کی مدد کے لیے بہت کچھ کرسکتے ہیں، جن کا ذیل میں ذکر کیا جارہا ہے۔

بہترین دوست اور ہم احساس بنیں

کچھ لوگ سماجی تقریب سے صرف یہ سوچ کر ہی کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیتے ہیں کہ وہاں آنے والے لوگ ان کے بارے میں کیا رائے قائم کریں گے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ کسی بھی سماجی تقریب میںانزائٹی سے متاثرہ شخص کے لیے اکیلے جانا بہت مشکل ہوتا ہے، اس لیے اسے رفاقت کی پیشکش کرتے ہوئے سماجی تقریبات میں آپ اس کے ساتھ چلے جائیں۔ ایک سماجی تقریب میں محض آپ کا ساتھ ہی اس کی انزائٹی کو معتدل سطح پر لے آئے گا۔

انزائٹی اٹیک کھیل تماشا نہیں

جب انزائٹی کے شکار شخص پر نیاPanic Attack (پریشانی کا حملہ) ہو تو اسے لوگوں کے ہجوم کے سامنے نہ رکھیں بلکہ کسی تنہا اور پرسکون جگہ پر لے جانے کی کوشش کریں، جہاں اسے پرائیویسی میسر آسکے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ لوگوں کی غیرضروری توجہ ایسے شخص کی پریشانی میں اضافے کا باعث بنتی ہے، بالخصوص اگر وہ شخص سوشل انزائٹی کا شکار ہو۔

اپنی خدمات پیش کریں

’انزائٹی ڈس آرڈر‘ کا شکار افراد، اپنی بےچین سوچوں اور محسوسات پر آسانی سے قابو نہیں پاسکتے۔ اس کے لیے تھراپی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم اچھی بات یہ ہے کہ اس میں آپ کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مثلاً: فلو سیزن میں ایسے شخص کو ’فلو ویکسین‘ کے ایک شاٹ کی ضرورت ہوتی ہے، تاہم وہ انجکشن سے گھبرایا ہوتا ہے۔آپ ایسے شخص کے ساتھ ایک ڈرامائی منظر ترتیب دیں۔ اپنے دوست کے بازو کو ’الکوحل سواب‘ سے صاف کریں اور ہاتھ کی انگلی سے اسے فلو شاٹ دیں۔ ڈرامائی منظر ادا کرنے کے بعداب آپ کا دوست اصل فلو شاٹ کے لیے اپنا ذہن بنا چکا ہے۔ اب اپنے دوست کو ڈاکٹر کے پاس لے جائیں، جہاں ڈاکٹر اسے اصل فلو شاٹ دے گا۔

حقیقت کے قریب رکھیں

انزائٹی کے شکارلوگ اپنی مشکلات، مشکل ہدف یا تصور میں تخلیق کردہ ممکنہ ناکامی کے منظرنامے کو کھینچتے وقت انتہائی مبالغہ آرائی سے کام لیتے ہیں۔ اس صورتحال میں آپ انزائٹی کے شکار اپنے پیارے کو مبالغہ آرائی کے سمندر میں بہنے نہ دیں۔ اگر وہ ممکنہ بھیانک نتائج سے پریشان ہے تو آپ اس سے پوچھیں، ’آپ کے خیال میں ممکنہ طور پر بدترین نتائج کیا ہوسکتے ہیں‘؟ ماہرین کہتے ہیں کہ جب آپ ایسے شخص کو سوچوں کے سمندر سے نکال کر حقیقت میں لے کر آتے ہیں تو وہ خوف کا سامنا بہتر طور پرکرنے کے لائق بن سکتا ہے۔

پُرسکون رہنے کی تلقین کریں

انزائٹی کے شکار شخص پر جب Panic Attackہوتا ہے تو اس کا دماغ ماؤف ہوجاتا ہے۔ ایسے میں آپ سب سے پہلے اسے ’گہری سانس‘ لینے کے لیے کہیں اور ایسا کہتے وقت آپ خود بھی اسے گہری سانس لے کر دِکھائیں۔ اس دوران آپ اس سے جو بات چیت کریں، اس میں الفاظ کی رفتار کو سست کردیں۔ اسے Co-regulation کہا جاتا ہے، جس کے تحت آپ کا اعصابی نظام اس کے اعصابی نظام کی خاطر مدارت کرتا ہے۔ آپ سکون میں ہونگے تو وہ بھی اپنے اندر سکون اور ٹھہراؤ محسوس کرے گا۔

مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں

انزائٹی کے شکار افراد زندگی کے چیلنجز، صحت، کام، تعلیم اور مالی معاملات وغیرہ کے بارے میںبہت پریشان رہتے ہیں۔ ذرا خیال کیجئے وہ اپنا جو وقت، توانائیاں، صحت اور دماغ پریشان ہونے پر خرچ کرتےہیں، وہ اسی وقت کو درحقیقت ان مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ آپ اپنے پیارے کے مسائل سُنیں اور اس کے ساتھ بیٹھ کر ممکنہ حل تجویز کریں۔ آپ اس کے اندر دنیا اور دنیاوی مسائل کا سامناکرنے کا رویہ پروان چڑھائیں۔

میل جول بڑھائیں

انزائٹی کے شکار اپنے پیارے کو کسی گیم نائٹ میں لے جانا غالباً اچھی سوچ نہیں، تاہم آپ اس کے لیے گھر پر کئی سرگرمیوں کا انعقاد کرسکتے ہیں، جیسے بورڈ گیم کھیلنا وغیرہ۔ کھیلنے کے وقت بات چیت جاری رکھنے کا وہ دباؤ غائب رہتا ہے، جو فرصت کے لمحات میں محسوس ہوسکتا ہے۔

معالج ڈھونڈیں

انزائٹی کوئی مذاق نہیں ہے۔ اگرآپ کا پیارا شدید اورمسلسل انزائٹی کی کیفیت میں مبتلا ہے تو ایسے میں ضروری ہے کہ آپ اس کے لیے کوئی اچھا معالج/نفسیات کا ڈاکٹر تلاش کریں۔