ایک اچھا ’’وی لاگ‘‘ کیسے بنایا جائے؟

June 23, 2019

اگر پوچھا جائے کہ اس وقت انٹرنیٹ کی سب سے اہم ترین سرگرمی کون سی ہے؟ تو ممکنہ طور پر ہر کسی کا جواب ’بلاگ‘ ہی ہوگا۔ جی ہاں! بلاگنگ اس وقت انٹرنیٹ کی اہم اور مقبول ترین سرگرمی شمار کی جارہی ہے، چاہے وہ تحریر کی صورت میں ہو یا پھر ویڈیو کی۔2003ء میں گوگل کی جانب سے بلاگنگ کا آغاز کیا گیا اور یہ سلسلہ اب فوٹو بلا گنگ ، اسکیچ بلاگنگ، ویڈیو بلاگنگ ، میوزک بلاگنگ اورآڈیو (پوڈ کاسٹ) بلاگنگ کے دائرہ تک وسیع ہوچکا ہے۔ تاہم ان دنوں سوشل میڈیا پربلاگنگ کی ان تمام تر اقسام میں سے ویڈیو بلاگنگ (وی لاگنگ) کا راج زیادہ نظر آتا ہے۔

وی لاگنگ

بلاگنگ کے آغاز کے دنوں میں وی لاگنگ کو پوڈ کاسٹ کہاجاتا تھا۔ یہ اصطلاح ویڈیو اور آڈیو دونوں قسم کے بلاگ پوسٹ کے لیے استعمال کی جاتی تھی، تاہم اب وی لاگنگ سے مراد صرف’ویڈیو بلاگنگ‘ ہی لی جاتی ہے۔ اس سےمرادایک ایسی مختصر تحریر، جس کے اظہار کے لیے ویڈیو بطور میڈیم استعمال کیا جائے، یعنی ایک ایسا مواد جو باقاعدگی کے ساتھ ذاتی ویب سائٹس یا سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کسی شخص کی جانب سے شیئر کیا جائے۔ کوئی بھی طالب علم مختلف قسم کی وی لاگنگ شروع کرسکتا ہے،مثلاًاکثرافراد اظہاررائے کے لیے اوراکثر یوٹیوب چینل کے ذریعےپیسے کمانے کے لیے وی لاگنگ کرتے ہیں۔ ویڈیو بلاگ بنانے کے پیچھے آپ کامقصد چاہے جو کوئی بھی ہو لیکن اس کے لیے آپ کو ان ٹپس کی ضرورت ہے، جو آپ کے ویڈیو بلاگ کو کامیاب بناسکیں۔ ایک بہترین وی لاگ بنانے کے لیے چند مفید مشورے ذیل میں بتائے جارہے ہیں۔

ناظرین کا عقلمندانہ انتخاب

اپنا یوٹیوب چینل بنانے یا پھر وی لاگنگ کاآغاز کرنے سے قبل، سب سے پہلے اپنی ٹارگٹ آڈینس (مخصوص ناظرین ) کا انتخاب کریں۔ یہ انتخاب آپ نے محتاط رویہ اپناتے ہوئے عقلمندانہ انداز میں کرنا ہوگا، جوکہ مکمل طور پر آپ کا ذاتی فیصلہ ہونا چاہیے۔ مثلاً جن افراد کو آپ اپنے ویڈیو بلاگنگ کے ذریعے مخاطب کرنا چاہتے ہیں، ان کا تعلق کہاںسےہوگا؟ اکثر لوگ وی لاگنگ کے لیے براڈ تھیم منتخب کرتے ہیں جب کہ اکثر کا انتخاب کچھ مخصوص لوگوں کا گروپ ہوتا ہے ۔

ٹرینڈز کونظر میں رکھیں

اگر آپ اپنے ویڈیو بلاگ کو زیادہ سے زیادہ مقبول بنانا چاہتے ہیں تو ٹرینڈز کا خاص خیال رکھیں۔ ویڈیو بلاگ کا عنوان آپ کی ٹارگٹ مارکیٹ کی ضرورتوں اور ذوق کے عین مطابق ہونا چاہیے۔ تاہم اگر آپ پہلے سے ہی کسی موضوع سے متعلق پرجوش ہیں تو آپ نے اپنے ویڈیوبلاگ میں منتخب کردہ سامعین سے متعلق مواد کا اضافہ کرنا ہوگا۔

وی لاگ کا عنوان

صحافت کے طالب علموں کو پڑھایا جاتا ہے کہ کسی بھی خبر کی ہیڈلائن ایسی ہونی چاہیے کہ قاری کی پہلی نظر پڑتے ہی وہ پوری خبر پڑھنے پر مجبور ہوجائے۔ وی لاگ کے عنوان کا بھی کچھ ایسا ہی ہونا چاہیے، آپ کا وی لاگ ٹائٹل پرکشش اور متاثر کن ہونے کے ساتھ ساتھ ٹرینڈز کے پیش نظر ہونا چاہیے۔

معیار پر توجہ مرکوز کریں

آپ اس وقت تک اپنے ناظرین کا دل نہیں جیت سکتے جب تک آپ اپنے ویڈیو بلاگ میں دلچسپ مواد شامل نہ کرلیں۔ مقصد یہ ہے کہ جب تک آپ اپنے ویڈیو بلاگ کے معیار پر توجہ مرکوز نہیں کریں گے، آپ ایک بہترین ویڈیو بلاگ تیار نہیں کرسکتے۔ ویڈیوبلاگ کی تیاری کے دوران ایڈیٹنگ اور آڈیو کاخیال رکھیں، آپ کا وی لاگ سادہ ،واضح اور پیچیدہ لفظوں سے پاک ہونا چاہیے۔

ناظرین کو جانیں

آپ کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آپ کے ممکنہ ناظرین کون ہیں، ان کی پسند نا پسند کیا ہے اور وہ کس ایج گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ بھی جانیں کہ ممکنہ ناظرین کن باتوں کو لے کر جذباتی ہوتے ہیں اور کن کو نہیں ؟ ان کی صنف کی نوعیت کیا ہے وغیرہ وغیرہ۔ اگر آپ اپنے وی لاگ کی مناسبت سے ناظرین کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئے تو اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ وہ جلد ہی پذایرئی حاصل کرلے گا۔

بلاگز پر تبصرہ

اگر آپ چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کو جانیں یاآپ کےناظرینکی تعداد بڑھتی چلی جائے تو اس کے لیے آپ کو دوسروںکے وی لاگ پر تبصرہ کرنا ہوگا۔ یہ ایسے نئے وی لاگر کے لیے بہترین آئیڈیا ہے، جنھوں نے یوٹیوب پر نئے چینل کا آغاز کیاہو۔ اپنا ہدف مکمل کرنے کے لیے آپ نے اپنے ناظرین کو تلاش کرنا ہوگا،انھیں اپنی جدوجہد اور مقاصد کے بارے میںبتانا ہوگا اور یہ تب ہی ممکن ہے جب آپ دوسرے وی لاگ دیکھیں اور ان پر تبصرہ کریں۔ مثلاً اگر آپ میک اَپ کے حوالے سے وی لاگ بنارہے ہیں تو دیگر میک اَپ وی لاگ دیکھیں، اسی طرحٹریول وی لاگ بنارہے ہیں تو دوسرے ٹریول وی لاگ دیکھیں۔