کرکٹ ورلڈ کپ، سری لنکا سے شکست کے بعد انگلینڈ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل

June 22, 2019

کراچی (عاطف خان) کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ ٹیم کو رائونڈ میچز میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد میزبان ٹیم کیلئے سیمی فائنل میں جگہ بنانا بظاہر مشکل ہوگیا ۔یہ ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی ٹیم کو دوسری شکست ہے۔ انگلش ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 8پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے تاہم اس کے بقیہ تینوں میچز آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور انڈیا کیخلاف ہیں ۔ انگلینڈ کی ٹیم نے 1992ء کے ورلڈ کپ کے بعد ان تینوں ٹیموں کیخلاف ورلڈ کپ میں کبھی بھی میچ نہیں جیتا ہے ۔ اس طرح ورلڈ کپ میں اگر انگلینڈ ٹیم ان تینوں ٹیموں سے اپنے بقیہ تمام میچز ہار جائے اور ٹیم پاکستان اپنے تمام میچز جیت جائے تو ورلڈ کپ میں پاکستان کی جگہ بن سکتی ہے اور میزبان ٹیم کا سفر ختم ہوجائے گا ۔ تاہم اگر انگلینڈ کی ٹیم ان تینوں میچز میں کوئی ایک یا دو میچز جیت جاتی ہے تو پھر اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے اسے بھی اگر مگر پر انحصار کرنا پڑسکتا ہے ۔ ایک میچ جیتنے کے بعد انگلش ٹیم کے پوائنٹس 10ہوجائیں گے اور اگر گرین شرٹس اپنے بقیہ چاروں میچز جیتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد گیارہ ہوجائے گی لیکن اگر انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے بقیہ تین میں سے دو میچز جیت لئے تو وہ با آسانی اگلے مرحلے تک رسائی میں کامیاب ہوجائے گی۔