فیشن کی دنیا میں ’ریہانا‘ کی انٹری

June 23, 2019

پاپ اسٹار، اداکارہ، کامیاب کاروباری خاتون اور انسان دوست شخصیت ’روبن ریہانا فینٹی‘ ایک کثیرالجہتی شخصیت کی مالک سپراسٹار ہیں۔ تاہم، اس مقام تک پہنچنے کے لیے انھوں نے ایک طویل اور کٹھن سفر طے کیا ہے۔

ریہانا 20فروری 1988ء کو جزیرہ بارباڈوس میں پیدا ہوئیں۔ ان کی ابتدائی زندگی، والدین کی گھریلو ناچاکی اور والد کی نشے کی لت کے باعث منتشر رہی۔ ان کے والدین میںاس وقت طلاق ہوئی، جب ریہانا صرف14سال کی تھیں۔ ان کی والدہ مونیکا فینٹی اکاؤنٹینٹ جبکہ والد رونالڈ فینٹی ویئرہاؤس سپروائزر تھے۔ ریہانا، تین بچوں میں سب سے بڑی تھیں۔ ریہانا اپنے والدین کے گھریلو مسائل کے باعث، بچپن سے ہی ذہنی کرب میں مبتلا ہوگئی تھیں اور انھیں اکثر سردرد کا مسئلہ رہتا تھا۔ اس بات کو وہ اپنے دوستوں اور کلاس فیلوز سے چھپائے رکھتی تھیں کہ کہیں وہ انھیں ’ایب نارمل‘ نہ سمجھیں۔ ان دنوں کو یاد کرتے ہوئے ریہانا بتاتی ہیں، ’’کبھی کسی کے سامنے یہ ظاہر نہیں ہونے دیا کہ میں کیا محسوس کرتی تھی۔ میں نے یہ بات اپنے اندر ہی چُھپائے رکھی۔ میں عام لڑکیوں کی طرح اسکول جاتی اور کسی کو خبر نہ ہونے دیتی کہ مجھے کوئی مسئلہ درپیش تھاـ‘‘۔

امریکا کا سفر

گھر میں برپا تناؤسے توجہ ہٹانے کے لیے ریہانا نے بچپن میں ہی گلوکاری شروع کردی تھی۔ انھوں نے اپنی دو کلاس فیلوز کے ساتھ مل کر ’گرل گروپ‘ کی بنیاد رکھی۔ جب وہ 15سال کی تھیں تو انھوں نے میوزک پروڈیوسر ایوان راجرز کو آڈیشن دیا، جو اپنی بیوی کے ساتھ جزیرے کے دورے پر آئے ہوئے تھے۔ راجرز کو ریہانا کی آواز اور خوبصورتی نے بہت متاثر کیا۔ ’’جس لمحہ ریہانا کمرے میں داخل ہوئیں، ایسے محسوس ہوا جیسے باقی دو لڑکیاں وہاں وجود ہی نہیںرکھتی تھیں‘‘، راجرز نے بعد میں ایک انٹرویو میں ریہانا کی خوبصورتی کا اعتراف کرتے ہوئے کہاتھا۔ گروپ کی ان دو لڑکیوں کے ساتھ ریہانا کا ساتھ وہیں اختتام کو پہنچا۔ چند ماہ بعد ریہانا، راجرز اور اس کی فیملی کے ساتھ کنیکٹی کٹ منتقل ہوگئیں، اس وقت ریہانا صرف 16سال کی تھیں۔ ’ ’بارباڈوس کو خیرباد کہنے کے بعد میں نے کبھی پیچھے مڑکر نہیںدیکھا‘‘، ریہانا نے ایک انٹرویو میں کہا۔ جنوری 2005ء میںراجرز نے لیجنڈری ریپ اسٹار ’جے زی‘ کے ساتھ ریہانا کے آڈیشن کا بندوبست کیا، جواُن ہی دنوںایک ریکارڈز کمپنی کےصدر منتخب ہوئے تھے۔ جے زی، ریہانا کی جاندار شخصیت اور گلوکاری سے بالکل اسی طرح فوری متاثر ہوگئے، جیسے دو سال قبل راجرز متاثر ہوئےتھے۔8ماہ بعد اگست 2005ء میں ریہانا کا پہلا سنگل 'Pon De Replay' ریلیز ہوا۔ یہ ایک کلب ٹریک تھا، جو’ بل بورڈ سنگلز‘ چارٹ میں دوسرے نمبر تک آنے میں کامیاب رہا، اس طرح ریہانا کو اپنے پہلے ہی سنگل کے بعد’اگلی بڑی پاپ اسٹار‘ کے خطاب سے نوازا گیا۔ اسی ماہ ریہانا کا پہلا البم ’میوزک آف دی سَن‘ ریلیز ہوا۔ یہ البم ’بل بورڈ البمز‘ چارٹ پر 10ویں نمبر پر آگیا۔ اس میں ریہانا کاایک اور ہٹ سنگل ’اِف اِٹ اِز لوِنگ‘ بھی شامل تھا۔ اگلے سال ریہانا کا دوسرا البم ’اے گرل لائک می‘ ریلیز ہوا، جس میں دو بڑے ہٹ سنگلز ’اَن فیتھ فل‘ اور ’ایس او ایس‘ شامل تھے۔ ’ایس او ایس‘ ریہانا کے کیریئر کا پہلا نمبروَن سنگل ثابت ہوا۔

2007ء میں ریہانا کا تیسرا البم ’گُڈ گرل گان بیڈ‘ ریلیز ہوا، جس میں ’جے زی‘ کے ساتھ ان کا سپرہٹ سنگل ’اَمبریلا‘بھی شامل تھا۔ یہ ٹریک، بل بورڈ سنگلز چارٹ پر نمبروَن پوزیشن پر آنے میں کامیاب رہا، جس پر ریہانا کو پہلا گریمی ایوارڈ بھی ملا۔ البم چارٹ پر یہ گانا دوسرے نمبر پر رہا۔ صرف یہی نہیں، بلکہ اس البم کےذریعے وہ ایک معصوم ٹین ایجر پاپ پرنسس کے امیج سے نکل کر ایک سپراسٹار اور پُروقار شخصیت کے طور پر سامنے آئیں۔ اب بارباڈوس کی روبن ریہانا فینٹی خود کو سپراسٹار پاپ گلوکاراؤں کی صف میںتو شامل کروا چکی تھیں بلکہ اس کے ساتھ انکے ایکٹنگ کیریئر کا آغاز بھی ہوچکا تھا۔

فینٹی برانڈ

یہ بات ہم سب کو معلوم ہے کہ ’فینٹی‘ سرنیم کی حامل ریہانا اپنے ’سرنیم‘ سے اپنی کاسمیٹکس لائن متعارف کراچکی ہیں، جسے دنیا بھر میں زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

کاسمیٹکس لائن کی زبردست کامیابی کے بعد کاروباری ذہن کی حامل ریہانا نے اب لوئس ویٹون کے اشتراک سےاپنے برانڈ کو مزید آگے لے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس نام سے نیا فیشن برانڈ متعارف کرایا ہے۔ ’’میرا فیشن مختلف اور غیرروایتی ہوگا، کیونکہ میرا پسِ منظر فیشن کی صنعت سے نہیں ۔ میں فیشن کو ایک نیا ویژن دینا چاہتی ہوں‘‘، پُرجوش ریہانا کا اپنے فیشن برانڈ کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا۔

ریہانا کے فیشن برانڈ کو پہلے مرحلے میں پیرس کے ایک اسٹور میں متعارف کروایا گیا ہے، جسے بتدریج پھیلایا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ریہانا کا فیشن برانڈ صرف خواتین کے لیے نہیں بلکہ اس میں مردوں کے لیے بھی مختلف ورائٹی متعارف کرائی گئی ہے، جن میں ’لانگ ڈینم جیکٹس‘ اور ’پارکا کوٹس‘ وغیرہ شامل ہیں۔

اس سے قبل، کئی فیشن کمپنیاں مختلف سیلیبرٹیز کیساتھ ’لمیٹڈ ایڈیشن‘ فیشن برانڈز متعارف کراچکی ہیں۔ تاہم ریہانا کی فیشن لائن کے ساتھ فرانسیسی فیشن کمپنی ایک قدم مزید آگے جانا چاہتی ہے۔ فرانسیسی فیشن کمپنی ریہانا کے برانڈ کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے ان کی سوشل میڈیا پر مقبولیت سے بھی بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہتی ہے، جہاں 31سالہ سپراسٹار کے انسٹاگرام ہینڈل badgalriri کو 70.5ملین سے زائد لوگ فالو کرتے ہیں۔

سیلف میڈ سیلیبرٹی

فوربز کے مطابق، ریہانہ کا شمار امریکا کی اپنے بل بوتے (سیلف میڈ) پر امیر بننے والی خواتین میں ہوتا ہے۔ جریدے کے مطابق، میوزک، ایکٹنگ اورفینٹی برانڈ ان کی آمدنی کے بڑے ذرائع ہیں۔فوربز کے مطابق، 2018کے اختتام تک ریہانہ کے اثاثوں کی مالیت 210ملین ڈالر ہے۔ فوربز کا کہنا ہے کہ ریہانہ آنے والے برسوں میں ’فینٹی‘ برانڈ کے ذریعے تیزی سے اپنی دولت میں اضافہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ ستمبر 2017میں ریہانہ نے میک اپ کمپنی ’فینٹی بیوٹی‘ لانچ کی تھی۔ ابتداء میں فینٹی برانڈ نام کے تحت گہری جلد کی حامل خواتین کے لیے میک اپ فاؤنڈیشن لانچ کی گئی تھی اور خوش قسمتی سے امریکا کے ’سیفورا‘ نامی اسٹورز پر لانچ کے تھوڑے ہی وقت بعد ’سولڈ آؤٹ‘ کے بورڈز آویزاں کردیے گئےتھے۔اب، ریہانہ نے فینٹی برانڈ کو فیشن انڈسٹری تک پھیلا دیا ہے۔ مزید برآں، اپنے 13سالہ میوزک کیریئر میںپرکشش بین الاقوامی میوزک کنسرٹس اور چارٹ بسٹر گانوں نے بھی ریہانہ کے مجموعی اثاثوں میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے۔