پورے گھر کو خوبصورت بنائیں

June 26, 2019

گھر کی سجاوٹ میں جو چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، وہ اشیاء کو اچھے طریقے سے ترتیب دینا ہے۔ سب سے پہلے تو اس بات کو مدّنظر رکھیں کہ گھر کی آرائش ایک خاص حد تک اچھی لگتی ہے۔ ایسی سجاوٹ جس میں گھر کو عجائب خانہ بنا دیا جائے ، کچھ اچھا تاثر نہیں دیتا۔ سجاوٹ میں ترتیب اورسادگی ہونی چاہیے اور کمرے میںسکون نظر آنا چاہیے۔ علاوہ ازیں کمرے کو طرزِ زندگی اور رہن سہن کے مطابق سجا یا جائے۔ اگر جگہ کی کمی ہو تو آپ مرکزی کمرے کو ڈائنگ اور ڈرائنگ روم بنا سکتی ہیں۔ اس کے لیےبھی زیادہ جدوجہد کی ضرورت نہیں ،کمرے کے دو حصے کرلیں۔ایک حصے کو ڈرائنگ روم اور دوسرے کو ڈائنگ روم بنالیںاور درمیان میں دلکش اور منفرد پردے ڈال دیں ۔

علاوہ ازیں بلائنڈز بھی اچھے لگتے ہیں ۔ڈرائنگ روم میں خوبصورت سا گل دان رکھ لیں ۔ دیوار پر کوئی پینٹنگ لگا لیں ۔اس طرح چھوٹی چھوٹی اشیاء سے آپ ڈرائنگ روم کو خوبصورت بنا سکتی ہیں۔ٹی وی لائونج میں چھوٹے چھوٹے کیبنٹ بنوالیںاور اس کی درازیں ہٹا کر ایک شیلف کی شکل دے دیں ،تاکہ آپ اس میںکتابیں اور ضرورت کی اشیاء رکھ لیں ،چاہے تو کیبنٹ کے اُوپر خوش رنگ گل دان اور اچھے ڈیکوریشن پیس سجا کر کمرے کی دل کشی میں اضافہ کرسکتی ہیں ۔بیڈ روم میں بیڈ کے سائڈ یا کمرے میں وہ جگہ جہاں آپ نے ٹیبل لیمپ یا دوسرا لیمپ رکھا ہو۔ وہاں پر ایک خوبصورت پینٹنگ لگالیں ۔ فرنیچر کی جگہ وقتاًفوقتاًبدلتی رہیں ،کیوں کہ فرنیچر کاا سٹائل بھی دل کشی کا باعث بنتا ہے ۔کمرے میں رنگ فرنیچر کی مناسبت سے کروائیں۔ کمرے میں زیادہ چیزیں رکھنے سے اجتناب کریں ،کیوں کہ کمرے میں جتنا کم سامان ہوگا اتنا ہی پُر سکون لگے گا ۔