بابر اعظم کے ون ڈے میں تین ہزار رنز مکمل

June 26, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے آج نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کے دوران اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کے تین ہزار رنز مکمل کرلیے۔

اس سے قبل انھوں نے 2971رنز بنا رکھے تھے اورجب آج کے میچ میں وہ 29رنز کے اسکور پر پہنچے تو انھوں نے ون ڈے انٹر نیشنل میں تین ہزار رنز مکمل کرلیے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے تیز ترین ایشین پلیئر بن گئے۔

بابر اعظم یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین پاکستانی اور تیز ترین ایشین بھی ہیں، مجموعی طور پر وہ دوسرے تیز ترین بیٹسمین ہیں، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے ستاون اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا ۔

بابر سے قبل تیز ترین پاکستانی کا ریکارڈ انضمام الحق کے پاس تھا جنہوں نے ستاسی اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کئے تھے جبکہ بھارت کے شیکھر دھون نے یہ سنگ میل 72 میچز میں عبور کیا تھا۔

زمبابوے کے خلاف 2015میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے چوبیس سالہ بابر اعظم اب تک 69ایک روزہ میچز کھیل چکے تھے جبکہ آج انکا 70واں میچ ہے۔انھوں نے نو سنچریاں اور پندرہ نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ انکی بیٹنگ اوسط 51اعشاریہ 22ہے۔