’’ٹائلز‘‘ کے انتخاب میں چند چیزیں مدِ نظر رکھیں

June 30, 2019

اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ گھر کی تعمیر میں ٹائلز کا کردار اہم ہوتا ہے۔ تاہم اگر کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیںکہ ٹائلز کا انتخاب صرف خوبصورتی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے تو وہ بالکل غلط ہیں۔ دراصل، ٹائلز کا انتخاب خوبصورتی سے زیادہ اس کے مؤثر استعمال کی مناسبت سے کیا جاتا ہے۔ آپ کو یاد ہوگا، ایک زمانہ تھا جب کچن میں سیمنٹ ٹائلز استعمال کرنے کو فیشن سمجھا جاتا تھا، تاہم اب کوئی غلطی سے بھی کچن میں سیمنٹ ٹائلز استعمال کرنا پسند نہیںکرتا۔

ٹائلز کے انتخاب میںجمالیاتی نقطۂ نظر کے ساتھ اس کی افادیت بھی نظرانداز نہیںکی جاسکتی۔ یہی وہ بات ہے، جہاں ہماری پسند اور جگہ کی مناسبت سے درست ٹائل کے انتخاب میں ٹکراؤ دیکھا جاتا ہے۔ غلط جگہ پر غلط ٹائل لگانے سے بہتر ہے کہ فیصلہ کرنے میں جلدبازی سے کام نہ لیں اور ٹائلز منتخب کرنے سے پہلے ’کہاں‘ اور ’کس مقصد کے لیے‘ جیسے سوالات کو مدِنظر رکھیں۔ ان سوالات کے جواب حاصل کرنے کے بعد کلر اسکیم اور ٹیکسچر کا سوچیں۔ ایک بار سوچ بچار اور ان چیزوں کا فیصلہ کرنے کے بعد باقی کام آپ کے لیے کافی آسان ہوجائیںگے۔

غور کرنے کی باتیں

استحکام: ہر مٹیریل دیرپا نہیں ہوتا، لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ ٹائلز کے لیے ایسے مٹیریل کا انتخاب کیا جائے، جو جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہو اور مالک مکان برسوں تک اس حوالے سے بے فکر رہے۔ پتھر ایک قدرتی مٹیریل ضرور ہے لیکن وہ دھبے اور زنگ جلدی پکڑ سکتا ہے۔

لوکیشن: جس جگہ آپ ٹائلز استعمال کرنے جارہے ہیں، اس کی مناسبت سے آپ کیلئے ٹائلز کا انتخاب نسبتاً آسان ہوجائے گا۔ باتھ روم اور کچن کی دیواروں کے لیے واٹر پروف مٹیریل، جیسے سرامک یا گلاس کی ضرورت پڑتی ہے، تاہم آپ پتھر کی ٹائلز کی کچھ اقسام کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں، جو زیادہ نمی والی جگہوں پر دیرپا ثابت ہوتی ہیں۔ فرش کے لیے زیادہ مضبوط مٹیریل جیسے سرامک یا پورسلین بہتر انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔

سائز: بڑے سائز کی فلور ٹائلز کو استعمال کرکے کمرے کے سائز کو بڑا دِکھایا جاسکتا ہے، کیونکہ ایسا کرنے سے ٹائلز کو جوڑنے والی گراؤٹ لائنز کم نمایاں ہوتی ہیں۔ اسی طرح سِنک کے آس پاس اور باتھ روم میں چھوٹے سائز کی ٹائلز زیادہ جچتی ہیں۔ پُرانی تاریخی عمارتوں میں آپ کو عموماً چھوٹے سائز کی ٹائلز نظر آئیں گی کیونکہ وہ زیادہ فطری معلوم ہوتی ہیں۔

اسٹائل: ہموار یا چمکیلی ٹائلز کے مقابلے میں ٹیکسچرڈ یا میٹ والی ٹائلز کم پھسلنے والی ہوتی ہیں اور یہ بات اس وقت خاص طور پر یاد رکھنے والی ہوتی ہے، جب آپ باتھ روم، کچن یا کسی ایسی جگہ کے لیے ٹائل کا انتخاب کررہے ہوں، جہاں نمی کے امکانات زیادہ رہتے ہوں۔ مزید برآں، ٹیکسچر کا بھی اپنا ایک جمالیاتی حسن ہوتا ہے۔ مثلاً، ایک ’رَف کٹ‘ ٹائل ، جوکسی پیٹرن یا ٹیکسچرکے مطابق تیار کی گئی ہو، وہ بھی کمرے کو ایک نیا انداز بخشتی ہے۔

ٹائل گراؤٹ: ٹائل گراؤٹ سے مراد ٹائل کِریس ہے، جہاں پر ہر ٹائل دوسرے ٹائل سے کسی کیمیکل کے ذریعے جوڑی جاتی ہے۔ گراؤٹ میں ٹائل کے رنگ کے قریب ترین رنگ کے کیمیکل کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ وہ ٹائل کا ہی حصہ لگے یا پھر ٹائل کے برعکس کسی اور رنگ کا گراؤٹ ہر ٹائل کو انفرادی طور پر نمایاںکرتا ہے۔ ہمارا مشورہ یہ ہے کہ گراؤٹ کو اپنے ڈیزائن کا حصہ بنائیں، اسے آخری وقت کے فیصلے کے لیے نہ چھوڑیں۔ درست رنگ کا گراؤٹ آپ کے کمرے کو ایک مختلف زاویہ دے سکتا ہے۔

قدرتی پتھر

قدرتی پتھر کا شمار سخت ترین مٹیریل میں ہوتا ہے۔ کچھ قدرتی پتھر جیسے ماربل قدرے نرم ہوتا ہے اور ٹائل کے مقابلے میں زیادہ جاذبِ ہوتا ہے۔ سنک اور بیسن کے ارد گرد، فرش، لکڑی کے پاس اور ٹب کے ارد گرد قدرتی پتھر کا استعمال مؤثر رہتا ہے۔

گلاس ٹائلز

درست جگہ پر گلاس کا استعمال اسے ایک قابلِ رشک ڈیکوریشن آئٹم بنا دیتا ہے۔ گلاس موزائک ٹائلز اپنی کارکردگی، آرام اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے لحا ظ سے ایک بہترین انتخاب ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کی ترقی نے گلاس ٹائلز کو تقریباً سبھی کی پہنچ میں کردیاہے۔

سرامک اور پورسلین

سرامک اور پورسلین (چینی مٹی کا مٹیریل) سے تیار کردہ ٹائلز کو صاف ستھرا رکھنا دیگر ٹائلز کے مقابلے میں آسان ہے۔ ہمارا طرزِ زندگی کچھ ایسا بن گیا ہے کہ ہم ایسی چیزیں استعمال کرنا پسند کرتے ہیں، جن میں مرمت کی ضرورت کم سے کم پڑے۔ سرامک اور پورسلین کا دوسرا فائدہ یہ ہے کہ ان میں تمام طرح کے ڈیزائن مل جاتے ہیں، جو ماربل، گرینائٹ، لکڑی اور اسٹیل سے ملتے جلتے ہوتے ہیں۔ مزید برآں، یہ مضبوط، پانی اور زنگ کے خلاف مدافعت رکھنے والی اور فائر پروف ہوتی ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ گھر میں کئی سال تک رہنے کے بعد بھی اس کی ٹائلز نئی جیسی نظر آئیں تو پھر آپ کو کسی اور مٹیریل کی جانب دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔