ہفتے کے آخری روزتیزی،100انڈیکس 127پوائنٹس بڑھ گیا

June 29, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج ،کاروباری ہفتے کے آخری روزتیزی رہی اور 100انڈیکس 127پوائنٹس بڑھ گیا،سرمایہ کاری مالیت میں بھی 30ارب 18کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ،کاروباری حجم گزشتہ روزکی نسبت 58.42 فیصدزائدجبکہ 60.35فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی مالیاتی اداروں، سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے منافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور اتارچڑھائو کے بعدمارکیٹ کے اختتام 100انڈیکس 127.15پوائنٹس اضافے سے 33901.58پوائنٹس پر بندہوا۔جمعہ کو مجموعی طور پر 338کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 204کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 109کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 25کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 30ارب 18کروڑ 31لاکھ 29ہزار 436 روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 68 کھرب 87ارب 30کروڑ 7لاکھ 82ہزار 719 روپے ہوگئی۔جمعہ کومجموعی طور پر 21کروڑ 39لاکھ 9ہزار 570 شیئرز کا کاروبارہوا،جوجمعرات کی نسبت 7کروڑ 88لاکھ 87ہزار 760 شیئرز زائدہیں۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے سائفرفائبرکے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 39.10روپے اضافے سے 821.10 روپے اورانڈس موٹرزکے حصص کی قیمت 26.54روپے اضافے سے 1203.92روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی فلپس موریس کے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت 188.33روپے کمی سے 3580.00 روپے ہوگئی۔