انٹر بینک،روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں 4.20 روپےکی کمی

June 29, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرنسی مارکیٹ ، گورنر اسٹیٹ بینک کی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد روپے کی قدر میں تنزلی کا رحجان تبدیل ،پاکستانی روپے کی قدرمیں جمعہ کو تمام کرنسیوں کے مقابلے میں بہتری ریکارڈ کی گئی،انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں 4.20 روپے اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خریدمیں 3.00روپے اور قیمت فروخت میں 2.50روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کوروپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں 4.20روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 163.70روپے سے گھٹ کر 159.50روپے اورقیمت فروخت میں 164.20روپے سے گھٹ کر 160.00روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خریدمیں 3.00روپے اور قیمت فروخت میں 2.50روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 162.50روپے سے گھٹ کر 159.50روپے اورقیمت فروخت 163.50روپے سے گھٹ کر 161.00روپے ہوگئی۔یوروکی قیمت خرید میں 5.50روپے اور قیمت فروخت میں 4.00روپے جبکہ برطانوی پائونڈ کی قیمت خریدمیں 6.00روپے اورقیمت فروخت میں 4.80روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خریدمیں 1.30 روپے اور قیمت فروخت میں 90 پیسے جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خریدمیں 1.30روپے اور فروخت میں 95پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔