’’کرسٹیانو رونالڈو‘‘ کا ٹرمپ ٹاور میں شاہی اپارٹمنٹ

July 03, 2019

معروف پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اگست 2015ء میں نیویارک ففتھ ایونیو کی 56ویں اسٹریٹ پر واقع ٹرمپ ٹاور میں 18.5ملین ڈالر میں اپارٹمنٹ خریدا تو اس کا چرچہ دنیا بھر میں ہوگیا،تب سے اب تک ان کے اس شاہی اپارٹمنٹ کا ذکر لوگوں کی زبان پر ہے۔ کہا جاتا ہے کہ پاپا رازی فوٹو گرافرز سے بچنے کے لیے رونالڈو نے ٹرمپ ٹاور کا انتخاب کیا، جس کی سیکیورٹی بے مثال ہے،کیونکہ یہ وہی ٹاور ہے جہاں امریکی صدر اور معروف بلڈر ڈونلڈ ٹرمپ کا شاہی محل بھی ہے،جسے وہ وہائٹ ہاؤس سے زیادہ حسین اور محفوظ تر قرار دیتے ہیں۔

نیویارک کےانتہائی پوش علاقے میں واقع ٹرمپ ٹاور کا ہر اپارٹمنٹ اپنی مثال آپ ہے، جسے ٹرمپ نے جدید اور کلاسیکی طرز پر تعمیر کیا ہے۔ نیویارک سٹی کے ٹرمپ ٹاور کےہر ایک دفتر، سویٹ اور کنڈومنیم کی لگژری سیٹنگ آپ کو حیران کرنے کیلئے کافی ہے۔ یہی انفرادیت آپ کو کرسٹیانو رونالڈو کے 2500مربع فٹ رقبے پر پھیلے اس اپارٹمنٹ میں بھی ملے گی۔ فوربز کے مطابق رونالڈو دنیا کے مہنگے ترین فٹ بالرز میں شمار کئے جاتے ہیں، تاہم ان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ٹاور میں خریدا گیا یہ اپارٹمنٹ ان کے کیریئر کے لئے نیک شگون ثابت نہیں ہوا، اس لئے اسے فروخت کر دیا جائے مگر رونالڈو نے اس بارے میں اب تک کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ انھوں نے یہ اپارٹمنٹ صرف اس لیے خریدا تاکہ فٹ بال مقابلوں کے لیے اٹلانٹک کے سفر میں آسانی ہو۔

قبل ازیں یہ اپارٹمنٹ ٹرمپ ٹاور کے مالک ڈونلڈ ٹرمپ کے کاروباری ساتھی اور اٹالین رئیل اسٹیٹ ٹائیکون الہندرو پروٹو کی ملکیت تھا ۔ 360ڈگری کے حیران کن مناظر دینے والے اس اپارٹمنٹ کی ڈیزائننگ اور تزئین وآرائش Maximalismاسٹائل کے باعث شہرت حاصل کرنے والے یوان پیبلو مولینیوکس نے کی۔ تین بیڈ روم اپارٹمنٹ کا شمار ٹرمپ ٹاور کے انتہائی مطلوب Lلائن اسپیر پر ہوتا ہے، جہاں سے امپائر اسٹیٹ بلڈنگ مین ہٹن اسٹریٹ میں واقع فلک بوس عمارتوںکے نظارے آنکھوں کو خیرہ کر دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایل کی طرز کے پینٹ ہائوسز اپنے شاندار فضائی منظر کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ اس ایل شیپ ڈیزائن کا ہی کمال جانیے کہ رونالڈو سینٹرل پارک کے تمام نظاروں، مغربی سمت دریائے ہڈسن اور جنوبی سمت فریڈم ٹاور امپائر اسٹیٹ بلڈنگ اور کرائسلر بلڈنگ جیسی آئیکونک بلڈنگز کے مسحور کن فضائی منظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اس میں دو جداگانہ ماربل باتھ ٹب اورا یک ڈائننگ ایریا ہے ، ساتھ ہی نفیس باورچی خانہ موجود ہے۔ کھڑکی سے سینٹر پارک کا دیدہ زیب منظر نظر آتا ہے۔ ایسا نفیس اپارٹمنٹ کم ہی فٹ بالرز نے خریدا ہے۔

1983ء میں تعمیر کردہ اس اپارٹمنٹ کی تعمیر میں لکڑی کا نفیس استعمال کیا گیا ہے۔ داخلی راستہ فائوکس چونے سے آویزاں کیا گیا ہے جبکہ سٹنگ روم کی اندرونی زیبائش لکڑی کے فریم سے کرتے ہوئے دونوں دیواروں کو مضبوط شیشوں سے سجایا گیا ہے تاکہ کھانا کھاتے یا اخبار پڑھنے کے دوران فلک بوس عمارات کے سحر انگیز منظر سے لطف اندوز ہوا جائے۔

فن تعمیر کی کلاسک روایت

کارنر لوکیشن پر واقع اس کشادہ اپارٹمنٹ کے دالان میں قدم رکھتے ہی سفید وسیاہ چونے سے آراستہ فرش خوش آمدید کہتا ہے جبکہ لیونگ روم 18 ویں صدی کے پیرا کیٹ ڈی ورسلیز فلورز سے سجا دکھائی دے گا جبکہ پینلز کو لکڑی کے شاندار کام سے رونق بخشی گئی ہے۔ اندر داخل ہوتے ہی باہر کے شور و غل سے مکمل محفوظ ماحول مہیا کیا گیا ہے۔ باورچی خانے کو ماربل اور لکڑی کے کیبنٹس سے سجاتے ہوئے صرف اتنی جگہ رکھی گئی ہے، جہاں کھڑے ہوکر کچھ بنایا جاسکے۔ فیملی روم قدرے چھوٹا ہے لیکن بلند چھت اور کشادہ روشنی سے وہاں گھٹن کا احساس نہیں ہوتا۔ تین بیڈ روم2500مربع فٹ اپارٹمنٹ کو اپنے احاطے میں لیے ہوئے ہیں۔ تیسرا چھوٹا بیڈ روم پرفیکٹ اسٹڈی روم اور آفس روم کی گنجائش مہیا کرتا ہے۔ باتھ رومز شاندار شیشوں اور ماربل سے سجے ہوئے ہیں۔

نئے مکانات کی خریداری کا شوق

کرسٹیانو رونالڈو اس وقت دنیا کے سب سے معروف اور مہنگےترین فٹ بالر شمار کیے جاتے ہیں،جن کا نام کسی بھی ٹیم کی کامیابی کی ضمانت مانا جاتا ہے۔ انھیں فٹبال سے جنوں کی حد تک پیار ہے۔ اپنی بے مثال کامیابیوں سے انھوں نے نت نئے ماڈلز کی مہنگی ترین گاڑیاں اور منفرد مکانات خرید رکھے ہیں۔ وہ اپنا ریئلٹی شو بھی چلاتے ہیں اوران کے پاس ذاتی جیٹ طیارہ بھی ہے۔ وہ 330ملین ڈالر اثاثوں کے مالک ہیں۔ اپنی آمدنی سے گاڑیوں اور مکانات کی خریداری کے علاوہ چیرٹی میں بھی خرچ کرتے ہیں۔ ان کا 8600مربع فٹ پر محیط میڈرڈ مینشن، اسپینش وِلا لگژر ی رہائش کی انتہائی اعلیٰ مثال ہے،جو سات بیڈ رومز ،دو پولز اور آٹھ باتھ رومز پر مشتمل ہے۔باقی مکانات لزبن اور نیویارک میں ہیں۔