ناخن کترنے کی عادت سے کیسے نجات حاصل کریں؟

July 04, 2019

کیا آپ بھی ان لوگوںمیںسے ہیںجوناخن کترنے کی عادت میںمبتلا ہیں؟ اگر ایسا ہے تو آپ یہ بھی جانتےہوںگے کہ یہ اچھی عادت نہیںاور نقصان کا باعث بھی ہوتی ہے، مگر پھر بھی اس سے جان چھڑانے کی کوئی راہ نہیںپاتے۔

ایک تحقیق کے مطابق اس عادت میںدنیا بھر کے30فیصد افراد مبتلا ہیں۔یہ لوگ جب ذہنی دبائو یا تنائو کا شکا ر ہوتے ہیںتو لاشعوری طور پر دانتوں سے ناخن کترنے لگتے ہیں ، یعنی انہیںاس کا احساس ہی نہیںہوتا کہ وہ ایک کراہیت والا کام کررہے ہیں۔ دراصل وہ کسی چیز پر توجہ مرکوز کیے ہوتے ہیںیا پھر بہت گہری سوچ میںڈوبے ہوتے ہیں۔ اس عادت کو نروس ہیبٹ(Nervous Habit) یعنی دماغی انتشار اور الجھن سے فرار حاصل کرنے والی عادت کہا جاتاہے۔ اس سے نہ صرف آپ کے ناخن خرا ب ہوتے ہیںبلکہ دانتوںکو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ ساتھ ہی اس عادت کی وجہ سے بہت سے جراثیم اور وائرس آپ کے اندر منتقل ہوجاتے اوربیماری کا باعث بنتے ہیں۔

آئیے سب سے پہلے یہ جانتے ہیںکہ ناخن چبانے کے کیا نقصان ہوتے ہیں۔

■ اس عادت کی وجہ سے آ پ کے ناخنوں کی شکل خراب ہو جاتی ہے اور وہ بھدے نکلتے ہیں۔

■ آپ کی مسکراہٹ دلکش نہیںرہتی کیونکہ ناخنوںکی رگڑ سے آپ کے دانت خراب ہو جاتے ہیں اور یہ ٹوٹ بھی سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ناخن چبانے کی عادت سے آپ کے جبڑوںمیںبھی مسائل پید اہوسکتے ہیں۔

■جراثیم سب سے زیادہ آپ کے ہاتھ پر ہوتے ہیںاور کمال ِ خوبی سے ناخنوںمیںچھپے ہوتے ہیں۔ جب آپ ناخن چباتے ہیںتو یہ جراثیم آپ کے پیٹ میںچلے جاتے ہیں،ہاضمہ خراب کرتے ہیںاور آپ میں مختلف اقسام کے انفیکشنزکا سبب بنتے ہیں۔

■یہ عادت آپ کو سماجی شرمندگی کا بھی سامنا کرواتی ہےاور جب آپ ناخن چباتے ہیںتو لوگ آ پ کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

■بہت گہرائی تک ناخن چبانے کی وجہ سے یہ آپ کی کھال کے اندر اُگنا شروع ہوجاتے ہیں،جو انتہائی تکلیف کا باعث ہوتاہے۔

■اس عادت سے منہ کی بیماریاں، مسوڑوں میںسوجن اور دیگر مسائل پیدا ہوسکتےہیں۔

اس عادت کے مضر اثرات

ناخن چبانا آپ کی کمزور صحت کی بھی علامت ہے۔ کبھی کبھار ناخن چبانا زیادہ خطرناک نہیںہوتا لیکن مستقل اس عادت کو اپنائے رکھنا سنجیدہ نوعیت کے مسائل پیدا کرسکتاہے۔ ایک خبر کے مطابق آسٹریلیا میںبرطانوی نژاد لڑکی کورٹنی وتھورن جو ہم جماعتوںسے تنگ تھی اور ڈری سہمی رہتی تھی، اسے پریشانی کے وقت ناخن کترنے کی عادت پڑگئی۔ چار سال میںاس نے انگوٹھے کا پورا ناخن ہی کتر ڈالا۔ انگوٹھا پہلے تو سیاہ ہوا اور پھر اس کا زخم بڑھنا شروع ہوگیا۔ ڈاکٹروں نے معائنہ کیا تو پتہ چلاکہ اس کی جِلد میںایک انوکھا کینسر پیدا ہو چکاہے۔ کورٹنی کے انگوٹھے کی چار بار سرجری ہوئی لیکن آخر میںاس انگوٹھے کو کاٹناہی پڑا۔

وجوہات تلاش کریں

یہ وجہ معلوم کریںکہ آپ ناخن کیوںچباتے ہیں، یعنی جب بور ہوتے ہیں یا پھر کسی تنائو کی وجہ سے ؟ تحقیق بتاتی ہے کہ لوگ اس وقت ناخن چباتے ہیں جب وہ بور، بھوکے، پریشان یا نروس ہوتے ہیں۔ ان وجوہات کو تلاش کرکے ان کا سدباب کرنے کی کوشش کریں، آپ کی ناخن چبانے کی عادت آہستہ آہستہ ختم ہو جائے گی۔

مزید برآں، اگر آپ درج ذیل مشوروں پر عمل کرلیںتو یہ باتیں بھی آپ کی ناخن کترنے کی عادت کم کرنے اور ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

ناخن چھوٹے رکھیں

آپ اپنے ناخن جتنے چھوٹے رکھیںگے اتنا ہی انہیںچبانا مشکل ہوگا۔ اپنے ناخن باقاعدگی سے تراشتے رہیں، مثلاً ہفتے کا کوئی بھی ایک دن ناخن تراشنے کے لیے مختص کردیں۔ جب ناخن بڑے ہوںگے ہی نہیں، توآپ کو چبانے کیلئے بھی کچھ نہیںملے گا۔

مینی کیور کی مدد لیں

آپ نے اچھا سا مینی کیور کروایا ہوتو آپ کا دل نہیںچاہے گا کہ اپنے خوبصورت ناخنوں کو خراب کریں۔

دستانے یا نیل اسٹیکرز پہنیں

آپ ہاتھوںمیں دستانے پہنیںیا نیل اسٹیکرز لگائیںتو آپ کو ناخن چبانے کا موقع نہیںملے گا اور اگر آپ بے خیالی میںہاتھ منہ تک لے بھی جائیںگے تو ناخن کھانے سے محفوظ رہیںگے۔

ہاتھوں یا منہ کو مصروف رکھیں

اگر آپ اپنے ہاتھوں یا دانتوںکو مصروف رکھیںگے تو آپ کی ناخن کترنے کی عادت چھوٹ سکتی ہے۔ ہاتھ میںاسٹریس بال یا چیونگم چبانے سے ناخن چبانے کی عادت میںکمی آسکتی ہے۔

کڑوی نیل پالش لگائیں

خواتین اپنے ناخنوںپر کڑوی نیل پالش لگا سکتی ہیں،یعنی جب بھی آپ ناخن کترنے لگیںگی تو آپ کو ناخن کڑوے محسوس ہوں گے اورآپ دوبارہ یہ حرکت کرنے کی کوشش نہیں کریںگی۔

ریمائنڈر لگائیں

ہوسکتاہے ناخن چبانے کی عادت چھوڑنے کا عزم بھی ذہن سے نکل جائے، اس کے لیے اپنے سامنے دیوار پر یا فریج پر چھوٹے چھوٹے نوٹ لگادیں،جو کہ آپ کو یاد دلاتے رہیںگے کہ آپ کو ناخن نہیںچبانا۔