سی ایس ایس کی تیاری

July 07, 2019

سول سروس کا امتحان پاس کرنا ہر باصلاحیت طالب علم کا خواب ہوتا ہے۔ اس امتحان میںکامیابی کیلئے وہ سخت محنت کرتے ہیں لیکن کامیابی چند ایک کے ہی قدم چومتی ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کی رپورٹ کے مطابق 2016ء میں 20 ہزار 717 امیدواروں میں سے12ہزار 176 افراد امتحان میںشریک ہوئے اور ان میں سے صرف379امیدوارہی تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے جبکہ 2017ء میں 9391 امیدواروں میں سے 310 نے کامیابی کا مزہ چکھا۔

ان نتائج سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر آپ سول سروس کے امتحان میںحصہ لینے کا ارادہ رکھتےہیںتو یہ بات ذہن میں رکھیں کہ آپ کو ہزاروں طلبہ سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ سول سروس کے امتحان کا اہل ہونا کوئی مشکل نہیںبشرطیکہ اگر آپ صحیح خطوط پر ا س کی تیار ی کریں۔ بہت سے طالبعلم تمام تر محنت و مشقت کے بعدبھی امتحان میں بیٹھنے کے اہل نہیںہوپاتے کیونکہ ان کی تیاری صحیح نہیںہوتی۔ وہ نہیں جانتے کہ کیا پڑھنا ہے اورکیسے تیاری کرنی ہے۔ محنت و مشقت اسی وقت رنگ لاتی ہے، جب اس کی سمت درست ہو ۔

اس ضمن میںسب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ جو لوگ اس امتحان میںکامیاب ہو چکے ہیں، ان کے تجربات سے استفادہ کیا جائے۔ سی ایس ایس کا امتحان دراصل آپ کے رحجان، علمی قابلیت اور مختلف میلانوں میں آپ کے پیشہ ورانہ روّیہ کو پرکھتاہے۔ آپ کا ذہن، تفہیم اور ذہانت تیزی سے کام کرتے ہوں، آپ کوحالات حاضرہ کی خوب آگہی ہو، تبھی آپ سی ایس ایس کے امتحان کیلئے کوالیفائی کرسکیںگے۔ اس کے علاوہ آپ کو اپنے مضامین پر مکمل عبور حاصل ہو، صرف کتابی علم نہیں بلکہ اس میںتخلیقیت کا عنصر بھی شامل ہو، تاکہ جب آپ امتحان میںاپنے مقالے لکھ رہے ہوںتو وہ اس بات کی توثیق کریں کہ آپ کے اندر بہت سے گُن موجو دہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ کن مضامین پر دسترس ہونا ضروری ہے۔

انگریزی مضمون

آپ کو10موضوعات دیے جاتے ہیں، جن میں سے کسی ایک پر آپ کو انگریزی میں2500سے3000الفاظ کا قابل فہم وجامع مضمون لکھنا ہوتاہے، یہی ایک مضمون ہے جس سے آپ کے مارکس زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ یہ مضمون آپ کے اسلوب، درست گرامر، تخیلقیت، خیا ل اور اظہارکو پرکھنےکیلئے لیا جاتاہے۔ یاد رکھیں، مضمون عبارتوں کا مجموعہ نہیںہوتا بلکہ اس میں بہت سی چیز یں ایسی ہوتی ہیں،جو پڑھنے والے کو متاثر کرتی ہیں۔ سب سے پہلے تو آپ مضمون کےخاکہ کو سمجھیں۔ اس کی بُنت کو دیکھیں، اس کا تعارفی پیراگراف کیسا ہوگا یا پھر اختتام کیسے کریںگےکہ وہ پورے مضمون کا خلاصہ بیان کردے۔ اس ضمن میںآپ کو تحریری قابلیت، گرامر، ذخیرہ الفاظ اور محاورے وغیرہ کے صحیح استعمال کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔ اس کے لیے آپ سابقہ مضامین کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔

حالاتِ حاضرہ

اس پیپر کے پہلے حصے میں آپ کو 20 سوالات کے صحیح جوابات (MCQs)پر نشانات لگانےہوتے ہیں جبکہ دوسرے حصے میں چھ میںسے چار سوالات کے جوابات تحریر کرنے ہوتے ہیں۔ اس کیلئے آپ کو روزانہ اخبارات کا مطالعہ کرنا ہوگا، ساتھ ہی ٹی وی اور ریڈیو پر خبریں سننی ہوںگی۔ تاریخی آگہی کے ساتھ ساتھ آپ کو موجودہ سماجی، ثقافتی اور مذہبی معاملات کا علم بھی ہوناچاہئے۔

جنرل سائنس

یہ بھی MCQs اور تحریری سوالات پر مشتمل پرچہ ہوتاہے، جس میں روزمرہ کی سائنس جیسے گلوبل وارمنگ، آلودگی ، گرین ہاؤس ایفیکٹ وغیرہ سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ سائنسی مسائل کے ساتھ ساتھ آپ کو بائیولوجی، کیمسٹری اور فزکس کے سوالات کا بھی سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ آپ نے میٹرک اور انٹر میں یہ مضامینپڑھ رکھے ہیںتو پھر آپ کیلئے کوئی مسئلہ نہیںہوگا۔

حالاتِ پاکستان

اس پرچہ میںپاکستان میںہونے والی سیاسی، سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ اس لیے آپ کو ان تمام سرگرمیوںپر نظر رکھنی ہے۔اس میںپڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کا سوال بھی آسکتاہے۔ آپ کواس ضمن میں مطالعہ پاکستان کی کتابیںپڑھنے کی ضرورت ہوگی۔ آپ کو باقاعدگی سے اخبارات و رسائل کا مطالعہ کرنا چاہئے۔

اسلامک اسٹڈیز

یہ بھی MCQsاور تحریری سوالات پر مشتمل پرچہ ہوتاہے۔ اس کیلئے آپ کو اسلام اور اس کے اطلاق کے بارے میںمعلومات ہونی چاہئیں۔ اسلامی عقائد اور اسلامی تاریخ کے موضوعات بھی اس میں شامل ہیں۔ ا س کیلئے آپ کو انٹراور بیچلر کی اسلامیات کی کتاب ازبر کرلینی چاہئیں۔ آ پ میں بنیادی معلومات کے ساتھ ساتھ اسلامی نقطۂ نظر سے سماجی و سیاسی منظر کو اس کے سیاق سباق کے ساتھ بیان کرنے کی صلاحیت ہونی چاہئے۔

اختیار ی مضامین

اختیار ی مضامین کی ایک طویل فہرست ہے، جس میں موضوعات کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ آپ کو اپنی تیاری اور رحجان کے مطابق ایسے مضامین کا انتخاب کرنا چاہیے، جس سے آپ بآسانی امتحان پاس کرسکیں۔ پہلے آپ دستیاب مضامین کو دیکھیں، پھر ان کے کورس کا مطالعہ کریں۔ ان میںسے جو مضمون آپ کی دلچسپی کا ہو اور اس کے بارے میں آپ کو پہلے سے اچھی خاصی آگہی ہو، اسے منتخب کرلیں۔ اس کا فیصلہ آپ کے انٹر یا بیچلر کے پسندیدہ مضامین کردیںگے۔