ڈیلس میں عیدملن عشائیہ اور محفل مشاعرہ

July 08, 2019

عید الفطر خوشیاں بانٹنے، سمیٹنے کا نام ہے، جس کی مٹھاس عید ملن پارٹیز کی صورت میں ہفتوں باقی رہتی ہے، اس سلسلے میں گزشتہ دنوں النور انٹرنیشنل کی بانی چیئرمین اور ڈیلس کی ممتاز ادبی شخصیت نور امرہوی کی جانب سے ان کی رہائش، واقع فورٹ ورتھ ٹیکساس پرایک پرتکلف عید ملن پارٹی اور عید ملن مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔دیار غیر میں بسے ادبی حلقوں کی مقتدر شخصیات کو لذیز پکوان کے ساتھ ساتھ مقامی شعرا کا دلفریب کلام بھی سننے کو ملا۔

اس تقریب میں عمائدین شہر اور زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور باادب حلقہ کی نمایاں شخصیات موجود تھیں ، پُر تکلف عشائیہ جس میں برصغیر کے انواع اقسام کے کھانے حیدر آبادی بریانی ، شیر خورما، پلائو، قورمہ، سبزیاں،تکے بوٹی سمیت متعدد پکوان رکھے گئے تھے، تمام مہمانوں نے سیر ہو کرکھایا،جس کے بعد ہونے والی ادبی محفل مشاعرہ منعقد کی گئی۔عید ملن مشاعرہ جو کہ ان کی رہائش پر ہی منعقدہ کیا گیا تھا ، اس میں صدارت ڈیلس کی معروف ادبی شخصیات عرفان علی نے سرانجام دی،جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر شمسہ قریشی اور اعزازی مہمان شیخ اعجاز تھے۔تقریب میں اسلاملک ریلیف کے نائب صدر اور اسلامک ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا کے سابق صدر اظہر عزیز بھی موجود تھے،جن کے بدست اسٹیج پر موجود شمع روشن کر اکے تقریب کا آغاز کیا گیا۔

بعدازاں ڈیلس کے مقامی شعراء جن میں اردو گھر کے بانی ڈاکٹر عامر سلیمان ،محمود شریف،مجیب خلیل، مسعود قاضی،سعید قریشی، عمان خان دل،ہرمد راجپوت نے بھی اپنا کلام پیش کیا، ان کے کلام کوحاضرین نے بے حد پسند کیا اور زبردست داد تحسین کے ذریعہ پزیرائی کی ۔ شاعر پرمد راجپوت نے بھی ڈھیروں داد سمیٹی۔ ا ن کے چند اشعار کچھ اس طرح تھے،

یہ حادثہ تو بس بہانہ تھا

تو نے تو یوں بھی چھوڑ جانا تھا

ایک بار پھر سچ چڑھا سولی

جھوٹ کے ساتھ پھر زمانہ تھا

واضح رہے کہ پرمد راجپوت کی شاعری کو انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران پڑھا تھا۔ ڈاکٹر عامر سلیمان اور دیگر نے بھی محفل کو چار چاند لگائے ہر شاعر اپنی مثال آپ تھا، عید اور بیرون ملک اپنے وطن سے دور کیفیت پر بھی شعرا نے کلام پیش کیے۔

بہر کیف یہ شاندار محفل رات گئے تک جاری رہی جس میں باادب حلقہ اور شعر شاعری سے شغف رکھنے والے حاضرین بھر پور طریقہ سے محضوظ ہوتے رہے اور شعرا کی داد تحسین کے ذریعہ حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ واضع رہے کہ نورامروہوی ڈیلس میں گذشتہ کئی دھائیوں سے بین الاقوامی مشاعروں کی محفلیں سجاتے رہتے ہیں ،جس میں دنیا بھر میں مقیم شعرا ڈیلس آکر ان محفلوں کی زینت بنتے رہے ہیں ۔