حکومت نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، شبر زیدی

July 08, 2019

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، کوئی شخص بتا دے کہ کونسا نیا ٹیکس لگا ہے؟

فیصل آباد چیمبر آف کامرس سے خطاب میں چیئرمین ایف بی آر نے سوال اٹھایا کہ شناختی کارڈ کی شرط پر مزاحمت کی وجہ کیا ہے؟ شناختی کارڈ کا مطالبہ کوئی نئی چیز نہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ہماری خامی ہے لوگوں کو بہتر طریقے سے آگاہی نہیں دی۔

شبر زیدی نے مزید کہا کہ کچھ لوگ شکایت کرتے ہیں ہمیں ہراساں کیا جاتا ہے،دوسری طرف ایف بی آر کے لوگ کہتے ہیں کہ لوگ ٹیکس نہیں دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا حل آٹو میشن ہے،مویشی منڈی میں جانوروں کی خریداری پر ٹیکس لگانے کی بات افواہ ہے۔

اس سے قبل چیئرمین ایف بی آر نے ریجنل آفس میں افسران سے خطاب کیا اور کہا کہ ماضی میں زیرو ریٹنگ کے مختلف تجربات ہوچکے ہیں، ٹیکسٹائل کی موجودہ صورتحال کے مطابق زیرو ریٹنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے مختلف سیکٹرز کے لوگوں سے پہلے بھی بات چیت ہوئی ہے، دورے کا مقصد صنعتکاروں کے تحفظات سننا اور دور کرنا ہے، نیا ایف بی آر بھی پرانے لوگوں سے ہی بنے گا۔

شبر زیدی نے یہ بھی کہا کہ 8مئی سے چارج لینے کے بعد آرڈر کیا تھا کسی کا اکاؤنٹ فریز نہیں کریں گے،سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن میں کرپشن تھی اسے آٹومیٹ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹو میشن کیلئے اب آسانیاں موجود ہیں،کاروباری لوگوں کی مشاورت سے نظام کو بہتر کیا جائے گا، 2018کے ٹیکس ریٹرن 2اگست تک فائل کرنے کی سہولت دی ہے۔