Advertisement

حکومت سکھ یاتریوں کو خصوصی سہولتیں فراہم کرے گی، زلفی

July 09, 2019
 

ذوالفقار حسین عرف زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان سکھوں کے روحانی پیشوا گرو نانک کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کو سفری اور دیگر سہولتیں کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کررہی ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ہیومین ریسورسس ڈیویلپمنٹ زلفی بخاری نے دورہ ہیوسٹن کے دوران سکھوں کے گردوارے سکھ نیشنل سینٹر کے دورے میں سکھ کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹاکس فورس بنائی تھی، وہ اس کے چیئرمین خود بھی بنے اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ خود ان معاملات کو قریب سے دیکھنا چاہتے تھے تاہم وزیراعظم پر کام کا دباؤ بہت زیادہ تھا جس کے بعد مجھے ان معاملات کی ذمے داری سونپی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سکھ کمیونٹی کے لیے ویزہ کے عمل کو آسان بنانے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ پوری دنیا سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر انداز میں سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے اور وہ خوش اسلوبی سے اپنی مذہبی رسومات کو ادا کرسکیں۔

اس موقع پر سکھ کمیونٹی کی جانب سے زلفی بخاری کی ہیوسٹن میں سکھ نیشنل سینٹر آمد پر ان کا زبردست خیر مقدم کیا گیا، پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ فاروقی، طاہر جاوید اور دیگر مقامی کمیونٹی سربراہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دوسری جانب سکھ کمیونٹی کے معروف رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان کی پالیسیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر سکھ بزنس کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر ہردم آزاد سنگھ نے کہا کہ سکھ بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے،اس بات کا اظہار انہوں نے ہیوسٹن میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے دورہ کے موقع پر بھی کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیوسٹن سے تقریباً ایک ہزار سے زائد سکھ یاتری بابا گرونانک کے یوم پیدائش پرپاکستان جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یہ لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

زلفی بخاری نے کہا کہ ہم بیرون ملک سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں اور سکھ کمیونٹی کو بھی سرمایہ کاری کرنے پر خوش آمدید کریں گے۔

زلفی بخاری اور طاہر جاوید سمیت دیگر مہمانوں نے گردوارے میں سکھوں کی مذہبی رسومات میں بھی شرکت کی جبکہ سکھ کمیونٹی نے آنے والے مہمانوں کو تحائف بھی پیش کئے۔

واضح رہے کہ تقریب کا انتظام کمیونٹی لیڈر ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور معروف بزنس ٹائیکون طاہر جاوید نے کیا تھا۔


مکمل خبر پڑھیں