یُو ٹرن کریسی (طنز و مزاح کے مضامین اور خاکے)

July 14, 2019

مصنّف: محمّد اسلام

صفحات: 174،قیمت: 400روپے

ناشر:فرید پبلشرز، کراچی

آج کی دُنیا مسائل و مشکلات کی آماج گاہ ہے۔ سماجی اور معاشرتی سطح پر بہت سے معاملات ایسےہوتے ہیں، جو عام لوگوں کو مسلسل متاثر کرتے ہیں۔ سچ بات تو یہ ہے کہ اگردرپیش مسائل کو ہلکی پھلکی تحریر کے ذریعے اس طرح اُجاگر کیا جائے کہ مسائل کی نشان دہی بھی ہو جائے اور لبوں پر مُسکراہٹ بھی کِھل جائے، تو ایسے قلم کار کو بے ساختہ داد دینے کو جی چاہے گا۔ سو،’’یُوٹرن کریسی‘‘کا مطالعہ کرتے ہوئے ایسا ہی کچھ احساس ہوتا ہے۔ محمّد اسلام نے اپنی شگفتہ بیانی سے پڑھنے والوں کا ایک حلقہ تیار کر لیا ہے۔ 1997ء میں ’’چارلیمنٹ ہاؤس‘‘، 2015ء میں’’عین غین‘‘ اور2017ء میں’’مزاحِ صغیرہ و مزاحِ کبیرہ‘‘کے بعد مصنّف رواں برس زیرِتبصرہ کتاب کی صُورت قارئین کےسامنے آئے ہیں۔ کتاب میں پاکستان کو درپیش مسائل کی بازگشت بار بار سُنائی دیتی ہے، جسےصاحبِ کتاب اپنے مخصوص انداز میںبیان کرتےہیں۔ جیسے پانی کے مسئلے یا ڈیم بنانے کے سلسلے میں ’’ڈیمیائی ادب‘‘ کی اصطلاح استعمال کی گئی، کتاب میں اس طرح کی بہت سی تراکیب دیکھنے کو ملیں گی۔ کتاب دیدہ زیب انداز میں شایع کی گئی ہے۔