کے پی کے، قیدیوں میں ایڈز اور ہیپا ٹائٹس کا انکشاف

July 09, 2019

پاکستان کے صوبہ خیبر پختو نخوا کی مختلف جیلوں میں بہتر علاج معالجہ کی سہولتیں نہ ہونے کے سبب کئی قیدیوں میں ایچ آئی وی، ایڈز اور ہیپاٹائٹس کا انکشاف ہوا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کی جیلوں میں درجنوں قیدی ایچ آئی وی کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی تعداد میں اضافے کے خدشات موجود ہیں۔

صوبے کی مختلف جیلوں میں12قیدی ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہیں۔پشاور سینٹرل جیل میں 3قیدی ، مردان جیل میں 2 ،ڈی آئی خان، بنوں اور تیمرگرہ کی جیلوں میں ایک ایک قیدی ایڈز کا شکار ہے جبکہ جیلوں میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تعداد بھی بڑھنے لگی ہے۔

دستاویزات کے مطابق صوبہ کی جیلوں میں 71 ہیپاٹائٹس سی جبکہ 25 قیدی ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا ہیں۔

پشاور سینٹرل جیل میں 29 قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔ اسی طرح مردان میں 12 ، بنوں، ہری پور، صوابی میں 6،6 قیدی جبکہ کوہاٹ میں 5 ،تیمرہ گرہ، ڈگرکی جیلوں میں ایک، ایک قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔