مختلف سبزیوں کا اچار کھٹا ،میٹھا اور چٹ پٹا

July 10, 2019

مینا صدیقی

گاجر اور گوبھی کا اچار

اجزاء:

گاجرایک پائو ،لیموںچارعد، لہسن بیس جوے ،پھول گوبھی آدھا پائو،ہری مرچیںبیس عدد،سرکہ ایک کپ ،کُٹی لال مرچ دوکھانے کے چمچے،اجوائن ایک چائے کا چمچہ،کلونجی ایک چائے کا چمچہ، رائی دانہ ایک کھانے کا چمچہ ،ثابت زیرہ ایک کھانے کاچمچہ ،سونف ایک کھانے کا چمچہ،میتھی دانہ آدھاچائے کا چمچہ،ہلدی پاؤڈر دو کھانے کے چمچے،سرسوں کا تیل دو پیالی،نمک حسبِ ذائقہ

ترکیب:

گاجر، لیموں، لہسن کے جوے، پھول گوبھی اورہری مرچوں کو لمبائی میں کاٹ لیں۔اب ان میں دو کھانے کے چمچے ہلدی پاؤڈراور حسبِ ذائقہ نمک مکس کرلیں۔پھر پین میں دو پیالی سرسوں کا تیل گرم کرکے اس میں دو کھانے کے چمچے کٹی لال مرچ، اجوائن، کلونجی، رائی دانہ، ثابت زیرہ، سونف او ر میتھی دانہ ڈال کر کڑ کڑا لیں۔پھر انہیںسبزیوں میں شامل کرکے مکس کرلیں اور جار یا بوتل میںڈال کرکچھ دنو ں کے لیے رکھ دیں ۔ مزے دار گاجر اور گوبھی کا اچار تیار ہے۔

ہری مرچ کا اچار

اجزاء:

ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی )آدھا پائو، نمک ایک چائے کا چمچ،سونف ایک چائے کا چمچ ،کلونجی ایک چائے کا چمچ،میتھی دانہ ایک چائے کا چمچ،سرکہ ایک چائے کا چمچ،سرسوں کا تیل چار کھانے کے چمچے۔

ترکیب:

ہری مرچوں کو باریک کاٹنےکے بعد انہیں نمک لگا کر رات بھر کے لئے رکھ دیں ، پھر ایک پین میں سرسوں کا تیل گرم کریں ۔ اور مرچوں کو ہلکا فرائی کرلیں ، اس دوران آنچ ہلکی رکھیں، تاکہ ان کا رنگ تبدیل نہ ہو۔ اس میں تمام مسالے ڈال کر اچھی طرح فرائی کریں اور جب مسالہ تیل چھوڑ دے تو سرکہ ڈال کر چولہے سے اتار لیں ۔ مرچوں کا ذائقے دار اچار جھٹ پٹ تیار ہوجاتا ہے ۔ اسے دال چاول اور سبزیوں کے ساتھ پیش کر یں۔

شلجم کا اچار

اجزاء:

شلجم آدھا کلو،رائی آدھا چائے کا چمچہ،کلونجی آدھا چائے کا چمچہ،میتھی دانہ آدھا چائے کا چمچہ،نمک ایک چائے کا چمچہ، کٹی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ،ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، سرکہ دو کھانے کے چمچے،کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ ۔

ترکیب:

شلجم پانی میں ڈال کر ابال لیں جب نرم ہو جائیں تو تمام مسالے ڈال کر ہلکی آنچ پر پندرہ منٹ تک پکائیں ،پھر کارن فلور گھول کر اسےاچھی طرح گاڑھا کر لیں ۔مزیدار شلجم کا اچار تیار ہے۔

مکس سبزی کا اچار

اجزاء:

آلو (چوکور کٹے ہوئے)ڈیڑھ پیالی،بینگن (چوکور کٹا ہوا)ایک عدد، گاجر چوکور کٹے ہوئے دوعدد، پھول گوبھی ایک پیالی، بڑی ہری مرچ چار عدد (بیچ میں ہلکا کٹ لگا لیں)رائی دوچائے کے چمچے، میتھی دانہ ایک چائے کا چمچہ،سوکھا دھنیا تین چائے کے چمچے، سفید زیر ہ تین چائے کے چمچے،ثابت سرخ مرچ آدھاپاؤ، لہسن ایک گٹھی کچی املی ایک پاؤ،نمک حسب ذائقہ،تیل آدھا کلو،کلونجی دوچائے کے چمچے،بگھار کے لئےسفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ،ثابت مرچ چارعدد،لہسن چھ جوئے۔

ترکیب:

کچی املی پیس کر اس میں نمک ،سرخ مرچ ملا کر اس میں سبزیاں اور لہسن مکس کر لیں۔ کلونجی رائی میتھی دانہ، سوکھا دھنیااور سفید زیرہ ان سب کو بھون کر باریک پیس لیں اور سبزیوں میں مکس کرکے دو دنوں تک دھوپ میں رکھیں ۔پھرتیل گرم کریں اور اس میں سفید زیرہ، مرچ اور لہسن ڈال کر بگھار تیار کرلیں اور اس کو ٹھنڈا کرکے سبزیوں میں ڈال دیں۔ اس کے بعد چولہے پر رکھ کر بھونیں اور ٹھنڈا کرکے شیشی میں ڈال دیں ۔ مزیدار مکس سبزی کا اچار تیار ہے۔