جامعہ این ای ڈی، بیچلرز سال اول میں داخلوں کا آغاز پیر سے ہوگا

July 10, 2019

کراچی(سیدمحمدعسکری+ اسٹاف رپورٹر) جامعہ این ای ڈی کے تحت رواں مالی سال بیچلرزسال اول میں داخلوں کاآغاز 15 جولائی سے ہوگاجبکہ داخلہ ٹیسٹ 31 اگست سے ہوگا جبکہ پہلی مرتبہ جامعہ این ای ڈی تھر میں واقع اسلام کوٹ کیمپس میں بی ایس کمپیوٹرسائنس میں60نشستوں پر داخلہ دے گی داخلہ کمیٹی کے سربراہ اور جامعہ این ای ڈی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹرطفیل نے جنگ کو بتایاکہ 2567نشستوں پرداخلے دیئے جائیں گے گزشتہ سال کے مقابلے مین رواں سال داخلہ فارم کی قیمت میں دو سو روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے داخلہ فارم اب 3 ہزار 7 سوروپے میں دستیاب ہوگا جبکہ اس سال سائنس میں انٹر کرنے والوں کےساتھ آرٹس اور کامرس میں انٹر کرنے والے بھی جامعہ این ای ڈی میں داخلے کےاہل ہوں گے مگر انہیں تین شعبوں مینجمنٹ سائنسز، انگریزی اور ڈویلپمنٹ اسٹیڈیز میں داخلے دیئے جائیں گے ڈاکٹر طفیل نے بتایاکہ جامعہ این ای ڈی نے رواں سال نشستوں میں اضافہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی کوئی نیا شعبہ قائم کیاگیا ہے انہوں نے بتایاکہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج 31 اگست ہی کو جاری کردیئے جائیں گے جبکہ 11 اکتوبر سے کلاسیں شروع کردی جائیں گی انہوں نے مزید بتایاکہ داخلہ ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے ٹیسٹ میں 50 فیصدنمبرلاناضروری ہوں گے۔