طلبہ کو ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا ہوگی،پروفیسر نثار صدیقی

July 10, 2019

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں ڈپلومہ کرنے والے تیسرے بیچ کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ”کلہوڑو خاندان کے دور حکومت میں سندھ کی دیہی زندگی“ کے حوالے سے طالبعلموں کی جانب سے بنائی جانیوالی دستاویزی فلم پیش کی گئی۔ تقریب میں آئی بی اے کے وائس چانسلر پروفیسر نثار احمد صدیقی، ڈاکٹر قمر الدین کھنڈ، ڈاکٹر عدنان کیہڑ و دیگر نے شرکت کی جبکہ مائکرو ویژن کے سی ای او فیصل خواجہ اسکائپ کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔ وائس چانسلر پروفیسر نثار صدیقی نے بہترین صلاحیتیں دکھانے پر طلبہ و طالبات کو شاباش دی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بہت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، اس تبدیل ہوتی دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا ہوگی، ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، بس انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی بی اے سکھر میں طلبہ و طالبات جس محنت و لگن سے آگے بڑھ رہے ہیں، انہیں دیکھ پر بہت خوشی ہوتی ہے۔