10سالہ ذہین اور باصلاحیت پاکستانی بچہ ’’یاسر سلمان‘‘

July 13, 2019

جسےآرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مشتمل تخلیقی آئیڈیاز کے عالمی مقابلے میں فاتح قرار دیا

اذہان خان

کراچی کے 10سال کی عمر کے بچے یاسر سلمان نے والدین کے لیے دانت برش کرنے کی نگرانی کو آسان بنادیا ،ا ب والدین اپنے کمپیوٹر یا موبائل فون کے ذریعے جان سکیں گے کہ واش روم میں موجود بچے نے کتنی دیر تک برش کیا اور ٹوتھ پیسٹ بھی استعمال کیا یا نہیں۔یاسر نے اپنے والدین کی مدد سے روایتی ٹوتھ برش اور ٹوتھ پیسٹ کو ایک بلیوٹوتھ سے کنیکٹ ہونے والے اسٹینڈ کی مدد سے ایک ایپلی کیشن سے جوڑ دیا ، جس کی مدد سے والدین بچوں کے دانت صا ف کرنے کے دورانیے کی نگرانی کرسکیں گے۔یہ ایپلی کیشن والدین کو آگاہ کرے گی کہ بچے نے اسٹینڈ سے برش اور ٹوتھ پییسٹ اٹھایا اور کتنی دیر تک برش کیا، یاسر اور ان کی فیملی نے اس سلوشن کو “CAVITY CRUSHER”کا نام دیا ہے، یاسر کے پیش کردہ اس آئیڈیے کو عالمی سطح پر بچوں اور فیملیز میں سائنسی تحقیق کے ذریعے تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے سرگرم امریکی ادارے Curiosity Machine نے فیملیز کی جانب سے پیش کیے جانے والے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) پر مشتمل تخلیقی آئیڈیاز کے عالمی مقابلے میں فاتح قرار دیا ہے۔

آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مشتمل تخلیقی آئیڈیاز کے عالمی مقابلے میں دنیا کے 13ممالک سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی 208 منفرد اور اچھوتے آئیڈیاز پیش کیے گئے ، یاسر کا پیش کردہ آئیڈیا 11سال سے کم عمر کے جونیئر ڈویژن کے تین فیملی آئیڈیاز میں سے ایک ہے اس مقابلے کے لیے 13سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں پر مشتمل سینئر ڈویژن کے لیے بھی تین آئیڈیاز منتخب کیے گئے ہیں، مصنوعی ذہانت کے مقابلے میں یاسر نے ملک کا نام روش کردیا۔

یاسر چھٹی جماعت کے طالب علم ہیں، یاسر نے کم عمری میں ہی قرآن حفظ کرنے کی عظیم سعادت بھی حاصل کی، عالمی سطح پر پاکستانی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنیوالے اس آئیڈیے کو پاکستان سائنس کلب نے پروان چڑھایا یاسر نے اپنے والدین کے ہمراہ پاکستان سائنس کلب میں منعقدہ تین مراحل پر مشتمل ایک فیملی سائنس مقابلے میں حصہ لیا اس مقابلے میں شریک بچوں اور والدین کو مل کر مصنوعی ذہانت پر مشتمل ایک اچھوتا آئیڈیا پیش کرنا تھا اس مقابلےکےلیے یاسر نے جو خود اپنے والدین کی جانب سے اکثر دانت صاف کرنے کی سخت تاکید کا سامنا کرتے تھے بچوں کے دانتوں کی صفائی کے مسئلے کا حل پیش کرنے کا آئیڈیا دیا۔

یاسر اور ان کے والدین کلیفورنیا میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے دوران اس آئیڈیے کو مزید موثر بنانے کے لیے ماہرین سے رہنمائی حاصل کریں گے اور اس ایجاد کو زیادہ سے زیادہ کارآمد بنانے کے لیے تحقیق کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔