Advertisement

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ورلڈ کپ سے باہر

July 11, 2019
 

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

انگلینڈ نے 27 سال بعد کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

برمنگھم میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 224 رنز کا ہدف دیا، جو انگلینڈ نے 33 ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 124 رنز بناکر ٹیم کیلئے جیت کی بنیاد رکھ دی، بیرسٹو 34 رنز بناکر مچل اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

انگلینڈ کو دوسرا نقصان جیسن رائے کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 65 گیندوں پر 85 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر پیٹ کومنز کی گیند پر وکٹ کیپر کیرے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

جوئے روٹ اور کپتان مورگن نے تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 79 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلادی اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔

جوئے روٹ نے 49 اور مورگن 45 نے رنز بنائے۔

فائنل نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کو کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا کا 224 رنز کا ہدف

برمنگھم میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا اور صرف 4 رنز پر وہ خود بغیر کھاتہ کھولے آرچر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

10 رنز پر ان فارم بیٹسمین ڈیوڈ وارنر ووکس کی گیند پر بیرسٹو کو کیچ دے بیھٹے۔

نئے آنے والے بیٹسمین پیٹر ہینڈزکومب کو ووکس نے صرف 4 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، اُس وقت ٹیم کا اسکور صرف 14 رنز تھا۔

ابتدائی تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیرے نے ٹیم کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے اسکور 117 تک پہنچایا، اس موقع پر کیرے 46 رنز بناکر عادل رشید کو وکٹ دے بیٹھے۔

اسی اوور میں عادل رشید نے اسٹوئنس کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ دکھائی۔

گلین میکسویل 22 بناکر آرچر کا شکار بنے اور پیٹ کومنز 6 رنز کی اننگز کھیل کر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہوئے، عادل رشید کی یہ مجموعی طور پر تیسری وکٹ ہے۔

اس دوران اسٹیو اسمتھ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ 85 رنز کی اننگز کھیل کر رن لیتے ہوئے وکٹ گنوا بیٹھے۔ اگلی ہی گیند پر مچل اسٹارک کو ووکس نے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرادیا، اسٹارک 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بہرینڈورف تھے جو ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

یوں آسٹریلوی ٹیم 49 اوورز کھیل کر 223 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی طرف سے ووکس اور عادل رشید نے تین، تین جبکہ آرچر نے دو اور ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔


مکمل خبر پڑھیں