جاب کیلئے درکار صلاحیتیں اور CV کی تیاری

July 14, 2019

اگر آپ جاب کی تلاش میںہیںتو آپ کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ CV(سی وی) کے مقبول ترین ٹرینڈز کون سے ہیں۔ جاب مارکیٹ میں مسابقت کے باعثآپ کی سی وی اتنی پاورفل ہونی چاہئے کہ وہ آپ کی عدم موجودگی میں بھی آپ کا مقدمہ عمدگی سے لڑے۔ ملازمت پر رکھنے والے منیجرز آپ کے سی وی میںجس چیز کو تلاش کرتے ہیں، آپ کو اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی ملازمت کے لیے درکار قابلیت اور تجربے کی جھلک آپ کی سی وی میںہونی چاہیے، اس کے علاوہ اس کے مختلف ٹرینڈز پر بھی آپ کی نظر ہونی چاہیے۔

مکمل تبدیلی نہ لائیں

نئے سی وی اسٹائل کو سیکھنے کے چکر میںذہن پر زیادہ دباؤ نہ ڈالیں۔ بھئی کچھ چیزیںتو بہرحال وہی رہیں گی، جو ہر سی وی میںموجود ہوتی ہیں۔ مثال کےطور پر ملازمت پر رکھنے والے زیادہ تر منیجرز آج بھی آپ کےObjective statement پر موجود خلاصہ (Summary) پڑھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ وہ آپ کی کامیابیوں، ورک ہسٹری اور مہارتوںکی معلومات دیکھنا چاہتےہیں۔ آپ کی سی وی کا فارمیٹ آسان ہونا چاہیےتاکہ اسے پڑھنے والے کو مطلوبہ معلومات آسانی سے مل جائیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہر ہائرنگ منیجر آپ کی پریزنٹیشن دیکھنے کے لیے بہت پُرجوش ہوتا ہے۔

ٹیکنالوجی اہمیت رکھتی ہے

حالیہ عشرے میںٹیکنالوجی بہت اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ اپنے حریفوںکے ساتھ قدم سے قدم ملا کرچلنے کے لئے آجکل کی کمپنیاں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ ان کے ملازمین ٹیکنالوجی کی تبدیلیوں سے آگاہ رہیں ( چاہے وہ کمپیوٹر پروگرامز ہوں یا پھر موبائل فون ایپس)۔ ہائرنگ منیجرز انٹرویوکے دوران یہ توقع رکھتے ہیںکہ آپ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی ایک قابل امیدوار ثابت ہوں۔ آ پ کو اپنی فیلڈ میںٹیکنالوجی کی جدید ترین پیش رفت سے واقفیت ہونابھی ضروری ہے اور اپنی اس قابلیت کا ذکر اپنی سی وی میں کرنا ہرگز نہ بھولیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیںکہ کچھ کمی ہے تو وقت نکال کر ریسرچ کریں، اپنی انڈسٹری کے آن لائن ریسورسز اور ٹریڈ پریا ڈیکلز کا معائنہ کریں اور ان ٹرینڈز کا مطالعہ کریں، جو آپ کی انڈسٹری پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اس کے بعد ٹیکنالوجی کی ان معلومات کو اپنے سی وی میںشامل کرلیں۔

کچھ تخلیقی رُخ سامنے لائیں

تجربہ کار ہائرنگ منیجرز کی نظروں سے ہزاروں سی وی گزرتے ہیں، اس لئے جب تک آپ کا سی وی کچھ تخلیقی، منفرد اور مطلوبہ معلومات لیے نہیںہوگا تو وہ انھیں متوجہ نہیںکرپائے گا۔ خود کو دوسروںسے ممتاز کرنے کیلئے آپ کو ہر لفظ ناپ تول کر لکھنا ہوگا۔ آپ کی لفاظی اتنی مضبوط اور بیانیہ ایسا ہو کہ گویا آپ خود وہاں موجود ہیں۔ سی وی کو تخلیقی بنائیں لیکن خیال رہے کہ اس چکر میںاپنے سی وی کو گولا گنڈا نہ بنا ڈالیں۔

کارپوریٹ کلچر میں فٹ ہونا

آجکل زیادہ تر کمپنیوںکو Co-Workersکی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ ایسے امیدوار وںکی تلاش میں ہوتے ہیںجو اتنے ذہین ہوںکہ تیزی سے کارپوریٹ کلچر میںفٹ ہو جائیں ، یعنی ٹیم کا حصہ بن جائیں۔ اگر آپ کے پاس اضافی صلاحیت ہے تو آپ اپنی ٹیم کی کامیابی میںاہم کردا ر ادا کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا کی اہمیت

سوشل میڈیا پر آپ کی آن لائن شناخت آپ کیلئے فائدہ مند یا پھر نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔2017ء میںیہ ٹرینڈ آیا تھا کہ ہائرنگ منیجرز آن لائن سوشل میڈیا پیجز کو مدنظر رکھتے ہوئے امیدواروں کو جاب کی خوشخبری سناتے تھے، آپ بھی سوشل نیٹ ورکنگ کے ذریعے اسی طرح کا فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے لنکڈ ِان، ٹویٹر، فیس بُک اور اس جیسے پلیٹ فارمزآپ کا ذاتی برانڈتخلیق کرتے ہیں۔ آپ ان پلیٹ فارمز کو اپنی فیلڈز سے متعلق بات چیت کے لیے استعمال کرسکتےہیں۔ اگرآپ کسی گروپ میں ’’ ایکسپرٹ ‘‘ کی حیثیت سے موجود ہیںتوآپ کا کام بہت آسان ہو جاتا ہے۔ آپ کو ان سوشل میڈیا پیجز کو اپنے سی وی میںضرور شامل کرنا چاہئے۔

عددی کامیابیوںکا ذکر کریں

اپنی سی وی میںہائرنگ منیجرز کو بتائیں کہ آپ نے وہ کونسی کامیابیاں حاصل کی ہیں،جن کی پیمائش کی جاسکتی ہے۔ آپ کو اپنی مخصوص کامیابیوںکا ذکر واضح طو ر پر کرنا ہوگا، جیسے کہ آپ کی کاوشوں سے کمپنی کی سیلز میں40فیصد اضافہ ہوا۔