سال 2019 کے بہترین اداکار

July 12, 2019

سال 2019 نصف گزر چکا ہے، اس نصف سال میں مختلف نجی ٹی وی چینلز پر کئی ایسے ڈرامے نشر کیے گئے جنہیں ناظرین کی جانب سے بہت پذیرائی ملی، ان میں بعض ڈرامے ایسے بھی ہیں جو حساس موضوعات پر بنائے گئے۔ لیکن ڈرامے کے ہٹ یا فلاپ ہونے کا سب سے گہرا تعلق ڈرامے کی کاسٹ سے ہوتا ہے۔

اگر ڈرامے کی کاسٹ جاندار ہو تو ڈرامہ بھی مقبول ہوتا ہے، ورنہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ڈرامے کا اسکرپٹ بہت بہترین ہوتا ہے لیکن کاسٹ اچھی نہ ہونےکے باعث ڈرامہ فلاپ ہوجاتا ہے۔

سال 2019کے نصف میں مقبول ہونے والے چند اداکار، جنہوں نے ناظرین کی زبردست پذیرائی حاصل کی:

عمران اشرف

اداکار عمران اشرف نے ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کردی‘ میں بہترین اداکاری کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ واقعی اداکاری سے عشق کرتے ہیں۔ رانجھا رانجھا کردی میں عمران اشرف نے ’بھولے‘ نامی ذہنی معزور لڑکے کا کردار نبھایا۔ اس ڈرامے کے بعد سے ’بھولے‘ کو نا صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی پسند کیا جانے لگا، یہاں تک کہ وہ لوگ جنہوں نے یہ ڈرامہ دیکھا بھی نہیں وہ بھی بھولے کے فین ہوگئے۔

عمران اشرف کا ایک اور ڈرامہ ’انکار‘ بھی آج کل آن ائیر ہے، جس میں وہ ایک منفی کردار ادا کررہے ہیں۔ اس ڈرامے میں بھی ان کی اداکاری کو خوب سراہا جارہا ہے۔

اقراء عزیز

اداکارہ اقراء عزیز سال 2019 کے دو سب سے بڑے اور بے حد پسند کیے جانے والے ڈراموں کا حصہ رہیں ہیں، ان میں ایک ’سنو چندہ‘ اور دوسرا ’رانجھا رانجھا کردی‘ ہے۔ یہ دونوں ڈارمے ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں اسی لیے ان دونوں ڈراموں میں اقراء کی اداکاری بھی کافی مختلف اور منفرد ہے۔

یمنیٰ زیدی

اداکارہ یمنیٰ زیدی کا شمار اُن پاکستانی اداکارائوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی منفرد اور لاجواب اداکاری کے ذریعےبہت جلد لوگوں کے دلوں میں جگہ بنالی ہے۔ یمنیٰ کا ایک ڈرامہ ’دل کیا کرے‘ آج کل جیو انٹرٹینمینٹ سے آرہا ہے، اس ڈرامے میں انہوں نے بالکل مختلف انداز میں اداکاری کی ہےاور یہی وجہ ہے کہ اس ڈارمے میں ان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ یمنیٰ کے دو مزید ڈرامے ’انکار‘ اور ’عشق زہے نصیب‘ بھی آج کل آن ائیر ہیں، یہ دونوں ڈرامے ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں، دونوں ڈراموں میں ان کی بے مثال اور شاندار اداکاری کو خوب سراہا جارہا ہے۔

مدیحہ امام

نصف 2019 کے بہترین اداکاروں کی فہرست میں ایک نام مدیحہ امام کا بھی شامل ہےجو آج کل جیو کے ڈرامہ سیریل ’میرا رب وارث ‘ میں نظر آرہی ہیں، اس ڈرامے میں ان کی بہترین اداکاری نے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔ ا س کے علاوہ اس ڈرامے میں ان کی ساتھی اداکار دانش تیمور کے ساتھ کیمسٹری کو بھی بے حدپسند کیا جارہا ہے۔

صنم چوہدری

اداکارہ صنم چودھری کا شمار اُن اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو بہت کم، اچھے اور منفرد ڈراموں کا انتخاب کرتی ہیں، صنم ہمیشہ ڈراموں کے انتخاب کے معاملے میں کافی خوش قسمت ثابت ہوئی ہیں کیونکہ جس ڈرامے کا انہوں نے انتخاب کیا ہے وہ سپر ہٹ گیا۔ محدود کام ہونے کی وجہ سے وہ اداکاری میں اپنا دل اور روح بھی ڈال دیتی ہے۔

آج کل ان کا ڈرامہ ’میر آبرو‘ آن ائیر ہے جس میں ان کی شاندار اداکاری کے سبب اُنہیں اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

سجل علی

اداکارہ سجل علی کو ’queen of expressions‘ کہا جاتا ہے کیونکہ وہ ہر ڈرامے میں ایسی اداکاری کرتی ہیں کہ اداکاری کم اور اصل کا گمان ہوتا ہے۔ سجل علی کے لیے کہا جاتا ہے کہ وہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے ایک تحفہ ہیں۔ ان کی ایک اور اچھی بات یہ ہے کہ وہ ہمیشہ مختلف روپ میں سامنے آتی ہیں، ہر ڈرامے میں ان کی اداکاری پہلے سے مختلف اور منفرد ہوتی ہے کہ دیکھنے والے حیران رہ جاتے ہیں۔

اگرچہ ڈرامہ سیریل ’آنگن‘ کو کچھ خاص پذیرائی حاصل نہیں ہوئی لیکن اس ڈرامے میں سجل علی کی اداکاری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سجل کی ہر ڈرامے میں اداکاری ایسی ہوتی ہے کہ اگر ڈرامے میں یہ رو رہی ہوں تو دیکھنے والا رو پڑتا ہے اور اگر یہ ہنس رہی ہوں تو ناظرین بھی ہنسنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

مرزا زین بیگ

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نئے اُبھرتے ہوئے اداکار مرزا زین بیگ کے آج کل تین ڈرامے آن ائیر ہیں دو جیو سے ’میرا رب وارث‘ اور ’دل کیا کرے‘ جبکہ تیسرا ڈرامہ ’میر آبرو‘ ہے۔ ان تینوں ڈراموں میں ہی انہوں نے الگ اور منفرد انداز سے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور یہی وجہ ان کی اس فہرست میں شامل ہونے کی ہے۔

نور حسن

اداکار نور حسن نے معتدد پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے، وہ کافی عرصے سے اس انڈسٹری کا حصہ ہیں لیکن پچھلے کچھ سالوں سے وہ منظر عام سے غائب تھے کیونکہ انہوں نے ڈراموں سے ’بریک‘ لیا ہوا تھا۔

بریک کے بعد نور حسن نے واپسی کے لیے ایک بہترین ڈرامہ کا انتخاب کیا ہے، ڈرامہ سیریل ’میر آبرو‘ میں ان کی بے مثال اور جاندار اداکاری کو بے حد سراہا جارہا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ اداکار نور حسن بھی بہترین ڈراموں کا انتخاب کرنے میں کسی سے کم نہیں ہیں۔