Advertisement

ورلڈ کپ: ایشیائی ٹیموں میں اُکھاڑ پچھاڑ جاری

July 12, 2019
 

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بعد ایشیائی ٹیموں میں اکھاڑ پچھاڑ جاری ہے۔ بنگلہ دیش نے اپنے ہیڈ کوچ اسٹیو روہوڈز کو فارغ کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اس ماہ کے آخر میں پوسٹ مارٹم کے بعد کئی اہم فیصلے کرے گا۔

اب افغان بورڈ نے کپتان گلبدین نائب کو برطرف کرکے لیگ اسپنر راشد خان کو تینوں فارمیٹس کے لئے کپتان مقرر کیا ہے جبکہ سابق کپتان اصغر افغان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

افغانستان ٹیسٹ کھیلنے والا سب سے جونیئر ملک ہے لیکن اس کے مسائل کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اپریل میں راشد کو ٹی ٹوئنٹی، گلبدین نائب کو ون ڈے اور رحمت شاہ کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

راشد خان افغانستان کے سب سے مشہور کھلاڑی ہیں۔

افغانستان کی ٹیم ورلڈ کپ کے تمام نو گروپ میچ ہار گئی تھی۔ گلبدین نائب نے پاکستان کے خلاف لیڈز میں ایسا اوور کرایا جس نے ٹیم کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔

ایک دن پہلے ورلڈ کپ کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر افغانستان کے فاسٹ بولر آفتاب عالم پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے اور وہ اس دوران انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

گزشتہ ماہ 27جون کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ غیرمعمولی حالات کے سبب آفتاب عالم کو افغانستان کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے دستبردار کرا لیا گیا ہے اور انہیں وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔

آفتاب عالم کے خلاف افغانستان کرکٹ بورڈ نے ڈسپلنری انکوائری کی تھی اور اس کی روشنی میں گزشتہ ہفتے کابل میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں ان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔


مکمل خبر پڑھیں